وزیر اعظم نواز شریف نے اعلیٰ نسل کا نایاب گھوڑا ’سی ون تھرٹی‘ طیارے کے ذریعہ امیر قطر کو تحفے میں بھجوا دیا، تاہم پاک فضائیہ نے خصوصی طیارے کے ذریعے گھوڑا بھیجنے کی خبر کی تردید کردی۔

ڈان نیوز کو حاصل ہونے والی دستاویز کے مطابق وزیراعظم کے خصوصی احکامات کی روشنی میں نایاب نسل کا گھوڑا ’سی ون تھرٹی‘ طیارے کے ذریعے امیر قطر کو بھجوایا گیا۔

دستاویز کے مطابق طیارہ امیر قطر کو تحفہ پہنچا کر 2 فروری کو وطن واپس لوٹے گا۔

وزارت خارجہ کی جانب سے متعلقہ حکام کو بھیجے جانے والی دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ طیارے کو پہلے 28 جنوری کو روانہ ہو کر 29 جنوری کو واپس آنا تھا، لیکن اب یہ یکم فروری کو روانہ ہوگا۔

گھوڑا بھیجنے کی اطلاعات بے بنیاد ہیں، ترجمان پاک فضائیہ

دوسری جانب پاک فضائیہ کے ترجمان نے سی ون تھرٹی کے ذریعے گھوڑا بھیجنے کی اطلاعات مسترد کردی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سی ون تھرٹی کے ذریعے گھوڑا قطر بھیجنے سے متعلق اطلاعات بے بنیاد ہیں اور پاک فضائیہ اس حوالے سے خبر کو مسترد کرتی ہے۔

واضح رہے کہ قطری امیر نے گذشتہ ماہ پاکستان کے دورے پر آنا تھا، تاہم پاناما لیکس کیس کے باعث ان کا دورہ منسوخ ہوگیا تھا۔

پاناما کیس کی سماعت کے دوران قطری شہزادے شیخ حماد بن جاسم بن جابر الثانی کے دو خطوط بھی سامنے آئے۔

SHARE

LEAVE A REPLY