پاکستان سپر لیگ سیزن ٹو میں آج کے پہلے میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 17 رنز سے ہرا کر اپنی پوزیشن بہتر کر لی ہے۔

لاہور قلندرز کی ٹیم اپنے مقررہ بیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 149 رنزہی بنا سکی اور اسے میچ میں 17 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ کا ٹاس پشاور نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور لاہور کو جیت کے لیے 167کا ہدف دیا، تاہم لاہور کی ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔لاہور کی جانب سے کیمرون ڈیلپورٹ 32،سہیل تنویر36(ناٹ آئوٹ)، عامر یامین 25،یاسر شاہ 22اور سنیل نارائن 21 رنز قابل ذکر بیٹسمین تھے۔

پشاور کی جانب سے محمد حفیظ اور شکیب الحسن نے دو دو جبکہ حسن علی، وہاب ریاض ،شاہد آفریدی اور ڈیرن سامی نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔ٹورنامنٹ میں ان دونوں ٹیموں کے درمیان یہ دوسرا مقابلہ ہے۔ پہلے میچ میں پشاور زلمی نے لاہور کو ایک انتہائی سنسنی خیز مقابلہ کے بعد تین وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔

اس میچ کے بعد پشاور زلمی کی ٹیم اب سات میچوں کے بعد سات پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم چوتھی پوزیشن پر واپس چلی گئی ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم چھ میچوں میں نو پوائنٹس کے ساتھ ابھی بھی سر فہرست ہیں جبکہ کراچی کنگز صرف چار پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر ہیں

SHARE

LEAVE A REPLY