پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے فوجی عدالتوں کی بحالی کے معاملے پر اسلام آباد میں 4 مارچ کو کثیر جماعتی کانفرنس (ایم پی سی) کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، جس میں تمام جماعتوں کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے سیاسی جماعتوں سے رابطے کا آغاز کردیا گیا ہے۔

پی پی پی کے ایک وفد نے نئے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری کی سربراہی میں راولپنڈی کی لال حویلی کا دورہ کیا اور عوامی مسلم لیگ (اے ایم ایل) کے چیف شیخ رشید احمد کو کثیر جماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

بعد ازاں پی پی پی کے وفد نے بلوچستان نیشنل عوامی پارٹی کے سربراہ اسراراللہ زہری اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے چیف حامد علی شاہ موصوی سے ملاقات کی اور انھیں کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

ڈان سے بات چیت کرتے ہوئے نیئر بخاری نے کہا کہ پی پی پی نے کثیر جماعتی کانفرنس کی پہل اس لیے کی ہے کیونکہ انسداد دہشت گردی کیلئے فوجی عدالتوں کی بحالی کے معاملے پر حکومت اتفاق رائے قائم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔

انھوں نے فوجی عدالتوں کے گذشتہ دو سال کے قیام کے دوران اس میں توسیع کیلئے مشاورت کا آغاز نہ کرنے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

SHARE

LEAVE A REPLY