وزیراعظم نواز شریف نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کو ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایات دی ہیں کہ اس مواد کو پھیلانے والے افراد کا سراغ لگا کر انہیں قانون کے مطابق سزائیں دی جائیں۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کو ہدایات دیں کہ سوشل میڈیا پر موجود گستاخانہ مواد کی بندش کے سلسلسے میں فوری اقدامات کیے جائیں،اور ذمہ داروں کو بلا تاخیر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

وزیر اعظم نے وزارت داخلہ کو ہدایات کیں کہ گستاخانہ مواد کو ہٹانے اور اس میں ملوث ملزمان کا پتہ لگانے سے متعلق ہونے والی پیش رفت سے یومیہ بنیادوں پر آگاہ کیا جائے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گستاخانہ مواد کو ہٹانے اور مستقل طور پر اس کا راستہ روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کے شان میں گستاخی ناقابل معافی عمل ہے اور ان سے محبت وعقیدت کا اظہار کرنا مسلمانوں کا قیمتی سرمایہ ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY