پیرس: ہوائی اڈے پر مشتبہ شخص فورسز کی فائرنگ سے ہلاک

0
32

فرانس میں پولیس نے اس شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے جس نے پیرس کے اولی ہوائی اڈے پر ایک سکیورٹی اہلکار سے بندوق چھیننے کی کوشش کی تھی۔

پولیس حکام کے مطابق ہفتہ کی صبح یہ واقعہ اولی ہوائی اڈے پر پیش آیا جس اہلکار سے اسلحہ چھیننے کی کوشش کی گئی وہ اس اسپیشل فورس کا حصہ ہے جسے دہشت گرد واقعات کے بعد فرانس میں مختلف حساس مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق ہوائی اڈے کو وقتی طور پر لوگوں سے خالی کروا لیا گیا۔

وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی “اے ایف پی” کو بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی طرف سے گولی مارے جانے سے قبل یہ مشتبہ شخص بھاگ کر ایئرپورٹ پر واقع ایک دکان میں گھس گیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کوئی اور شخص زخمی نہیں ہوا اور سکیورٹی فورسز ہوائی اڈے کی پوری طرح جانچ میں مصروف ہیں۔

پولیس نے لوگوں کو ہوائی اڈے سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے تاوقتیکہ سکیورٹی فورسز پوری طرح سے عمارت کی تلاشی مکمل نہیں کر لیتے۔

تاحال مارے جانے والے شخص کے بارے میں کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی اور نہ ہی اس کے محرکات کے بارے میں حکام نے کوئی بیان دیا ہے۔

ایک ماہ قبل ہی ایسا ہی ایک واقعہ لوو میوزیم میں بھی پیش آیا تھا جس کے بعد سے فرانس میں سکیورٹی کو چوکنا رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

SHARE

LEAVE A REPLY