چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے ون ڈے کرکٹ ٹیم کے 7کھلاڑی لاہور ائیر پورٹ سے لندن روانہ ہوگئے ہیں۔ لندن جانے والوں میں عمراکمل، شعیب ملک، محمد حفیظ، فخر زمان، عماد وسیم، جنید خان اور فہیم اشرف شامل، تاہم احمد شہزاد 18مئی کو لندن میں ٹیم کو جوائین کریں گے۔

کپتان سرفراز احمد سمیت 8کھلاڑی ویسٹ انڈیز سے انگلینڈ پہنچیں گے، قومی ٹیم 27 مئی کو بنگلہ دیش کے ساتھ پریکٹس میچ کھیلے گی، جبکہ 28مئی کو دوسرا پریکٹس میچ آسٹریلیا سے ہوگا۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان کا پہلا میچ 4جون کو روایتی حریف بھارت کے ساتھ ہوگا، جبکہ 7جون کو جنوبی افریقہ اور 12جون کو سری لنکا کے ساتھ لیگ میچز ہونگے۔

اس سے پہلے پاکستانی کرکٹ ٹیم پیر کی صبح ایک گھنٹے کی فلائٹ کے بعد ڈومینکا سے سینٹ لوشیا پہنچ گئی، جہاں اس نے ٹرانزٹ میں ہوٹل میں 8گھنٹے آرام کیا۔ سینٹ لوشیا سے منگل کی صبح پاکستانی ٹیم لندن کے لئے روانہ ہوگی۔ لندن سے ٹیسٹ ٹیم کے کھلاڑی بر منگھم چلے جائیں گے، جہاں چیمپئنز ٹرافی کا کیمپ لگے گا۔

ون ڈے اسکواڈ کے بقیہ کھلاڑی بھی برمنگھم میں ٹیم کو جوائن کریں گے، جبکہ مصباح الحق اور دیگر کھلاڑی پاکستان آجائیں گے۔ یونس خان 6دن لندن میں قیام کریں گے۔

پرنس آف ویلز جمعرات کو لندن کے اوول گرائونڈ پر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی لانچنگ تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ پرنس اوول کی پچ پر ٹورنامنٹ میں شریک 8ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملیں گے اور ٹورنامنٹ کا با ضابطہ افتتاح کریں گے۔ پاکستانی ٹیم منگل کو لندن پہنچ رہی ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY