سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی فاٹا میں گورنر راج کو مسترد کرتی ہے ۔

انہوں نے فاٹا سے قومی اسمبلی کے اراکین کو فاٹا اصلاحات پر مکمل حمایت کی یقین دہانی کرا تے ہوئے کہا کہ پی پی پی فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کی حامی ہے،حکومت کا رواج ایکٹ بھی مسترد کرتے ہیں ۔

آصف زرداری کا مزید کہنا ہے کہ فاٹا اراکین نے اسلام آباد میں دھرنا دیا تو پیپلزپارٹی بھرپور شرکت کرے گی، فاٹا اراکین نے اگر دھرنا رمضان میں دیا تو انہیں افطاری فراہم کریں گے ۔

اس سے قبل سابق صدرآصف علی زرداری نے عیدالفطر کے بعد خیبرپختونخواکے علاقوں شانگلہ، دیر، اپر دیر، چترال اور سوات میں عوامی جلسے کرنے کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حلقہ انتخاب ڈیرہ اسماعیل خان کے علاوہ بنوں اور کوہاٹ میں بھی جلسے کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سیاسی رابطے رمضان المبارک میں بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ آصف زرداری رمضان المبارک میں خود کے پی کے کا دورہ کریں گے

SHARE

LEAVE A REPLY