برطانوی تحقیقات کے مطابق مانچسٹر بمبار نے ممکنہ طور پر بم خود ہی بنایا، مانچسٹر حملہ آور سلمان عبیدی کے رشتے دار کا کہنا ہے کہ سلمان اپنے قتل کیے جانے والے دوست کا بدلہ لینے کا خواہشمند تھا۔
غیرملکی خبر ایجنسی کا برطانوی تحقیقات کے حوالے سے کہنا ہے کہ زیادہ امکان اس بات کا ہے کہ خودکش بمبار نے خود ہی بم بنایا تاہم پولیس خودکش بمبار کے ساتھیوں اور نیٹ ورک کی تلاش کر رہی ہے۔
دوسری طرف لیبیا میں سلمان کے خاندانی ذرائع نے بتایا کہ سلمان کے لیبیئن نژاد دوست کو برطانوی نوجوانوں نے چھریوں کے وار سے قتل کر دیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے پر سلمان سمیت دیگر برطانوی نژاد لیبیئن شہریوں میں بہت غم وغصہ پایا جاتا تھا، سلمان بدلہ لینے کی خواہش کا اظہار کرتا رہتا تھا
مانچسٹر میں خود کش حملہ کرنے والا سلمان عبیدی جرمنی سے برطانیہ پہنچا تھا۔ انگلش میڈیا نے جرمن خفیہ ایجنسیوں کے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور اس کارروائی سے چار روز قبل ہی ڈسلڈوف سے مانچسٹر پہنچا تھا۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آیا وہ جرمنی میں قیام کیے ہوئے تھا یا صرف اس نے پرواز بدلی تھی۔ عبیدی سن دو ہزار پندرہ میں جرمن شہر فرینکفرٹ بھی گیا تھا۔ برطانوی حکام کے مطابق پیر کی رات مانچسٹر میں خودکش حملہ عبیدی نے ہی کیا تھا۔