ٹرمپ کا قطر پر دہشت گردی کی معاونت کا الزام

0
72

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خلیجی ریاست قطر پر دہشت گردوں کی معاونت کا الزام عائد کیا ہے۔

جمعہ کو وائٹ ہاوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ “بدقسمتی سے قطر تاریخی طور پر دہشت گردی کی بڑے پیمانے پر معاونت کرتا رہا ہے۔”

ٹرمپ کے اس بیان سے کچھ ہی دیر قبل امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے قطر کے خلاف اس کے پڑوسیوں کی طرف سے ناکہ بندی میں نرمی اور تحمل پر زور دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ناکہ بندی کے “غیرارادی” طور پر انسانی اور کاروباری نتائج سامنے آئیں گے اور “خطے میں امریکی فوجی اقدام اور داعش کے خلاف مہم میں رکاوٹ کا سبب بن رہا ہے۔”

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے رواں ہفتے قطر کا اقتصادی اور سفارتی بائیکاٹ کر دیا تھا۔

یہ ممالک خصوصاً سعودی عرب، قطر کے اخوان المسلمین جیسے اسلامی گروپوں سے متعلق رجحان اور ایران کے بارے میں موقف سے اتفاق نہیں کرتے۔

امریکہ نے اس تنازع میں محتاط سفارتی رویہ اپنا رکھا ہے اور وہ سعودی عرب اور قطر دوںوں ہی کے ساتھ تعلقات کو بحال رکھے ہوئے ہے۔ قطر میں مشرق وسطیٰ میں سب سے بڑا امریکی فوجی اڈہ قائم ہے۔

تاہم ٹرمپ قطر پر بلا خوف و خطر تنقید جاری رکھے ہوئے ہیں۔ رواں ہفتے کے اوائل میں ٹرمپ نے متعدد ٹوئٹس میں بظاہر قطر کی خطے میں تنہائی کا سہرا اپنے سر سجانے کی کوشش بھی کی تھی۔

VOA

SHARE

LEAVE A REPLY