پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کراچی سے تعلق رکھنے والی اہم خاتون رہنما ناز بلوچ نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ساتھ پریس کانفرنس سے کرتے ہوئے ناز بلوچ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے تبدیلی کا نعرہ لگایا تاہم یہ نعرہ لگاتے ہوئے پارٹی خود تبدیل ہوگئی اور یہ اب وہ پارٹی نہیں رہی جس کے لیے ہم نے کام کا آغاز کیا تھا۔

تحریک انصاف کی رہنما ناز بلوچ نے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے گھر لوٹ آئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی بیٹی ہونے کے ناطے عمران خان کا ساتھ دیا تھا، تحریک انصاف کے لیے میری قربانیاں سب کے سامنے ہے، پی ٹی آئی کے ساتھ اچھا وقت گزرا، اس لیے کیچڑ اچھالنا نہیں چاہتی۔

ناز بلوچ نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کی توجہ صرف پنجاب اور مرکز پر مرکوز ہے، عمران خان چند ہی گھنٹوں کے لیے کراچی آتے ہیں اور انہیں کارکنوں سے دور رکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے تبدیلی اور نوجوانوں کو آگئے لانے کا نعرہ لگایا لیکن آج عمران خان کے دائیں بائیں کھڑے ہونے والے نوجوان نہیں ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY