فلسطینی صدر محمود عباس اسپتال میں داخل، دل کے ٹیسٹ ،نتائج نارمل

0
255

فلسطینی صدر محمود عباس کو جمعرات کو مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں ایک اسپتال میں لے جایا گیا ہے جہاں ان کے دل کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور ایک ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ان کے ٹیسٹوں کے نتائج نارمل ہیں۔
81 سالہ محمود عباس ایک طویل عرصے سے دل کے مختلف مسائل سے دوچار ہیں لیکن انھیں آج کسی پیشگی اعلان کے بغیر اسپتال لے جایا گیا تھا۔
رام اللہ میں واقع استشاری عرب اسپتال کے ایک سینیر ڈاکٹر سعید سراہنح نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ”صدر کو آج معمول کے ٹیسٹوں کے لیے اسپتال لایا گیا تھا۔ہم نے ان کے دل ٹیسٹ کیے ہیں اور وہ دو گھنٹے میں واپس چلے جائیں گے”۔
ان ٹیسٹوں میں سے ایک میں دل کی حرکت کی کیفیت معلوم کرنے کے لیے ایک باریک پلاسٹک کی ٹیوب شریان یا ورید میں ڈالی جاتی ہے اور پھر اس کو دل کے خانوں کی جانب بھیجا جاتا ہے تا کہ کسی بیماری کا پتا چلایا جاسکے اور اگر کوئی رکاوٹ ہے تو اس کو کھولا جاسکے۔
فلسطینی صدر نے گذشتہ جمعے کو سابق اسرائیلی صدر شمعون پیریز کی نماز جنازہ میں شرکت کی تھی اور اس دوران ان میں صحت کی کمزوری یا کسی بیماری کا کوئی شائبہ نہیں ہوا تھا۔تاہم انھیں شمعون پیریز کے جنازے میں شرکت مہنگی پڑی ہے اور انھیں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اپنے ہم وطنوں کی جانب سے کڑی تنقید کا سامنا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY