خیبرپختونخوا پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے پشاور کے علاقے تحکال سے ملنے والی 3 خواتین کے قتل کیس میں اہم پیش رفت کے دوران مقتولہ کے شوہر اور اس کے بھائی کو گرفتار کرلیا۔

خیال رہے کہ 11 اکتوبر کو پشاور کے علاقے تحکال سے 3 خواتین کی جلی ہوئی لاشیں برآمد ہوئی تھی جن کی شناخت حسن بانو اور اس کی دو بیٹیوں سے ہوئی تھی۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے خواتین کو زہر دینے کے بعد قتل کردیا تھا اور ان کی لاشوں کو کیمیکل چھڑک کر آگ لگادی تھی۔

واقعے کی تفتیش میں اہم پیش رفت کے حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ ملزم نے پشاور کے علاقے تحکال میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر اپنی اہلیہ اور دو بیٹیوں کا قتل کرنے کے بعد ان کی لاشیں جلادی تھی۔

پولیس ذرائع نے قتل کو غیرت کے نام پر قتل قرار دیتے ہوئے ڈان کو بتایا کہ ایک اداکار، جو ‘ڈسکو’ کے نام سے معروف ہے، نے اپنی اہلیہ اور دو بیٹیوں کو قتل کیا۔

واضح رہے کہ پولیس نے ملزم کو اس کی عرفیت سے شناخت کیا تاہم اس کا اصل نام ظاہر نہیں کیا گیا۔

ادھر سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز عباس مجید مروت نے ڈان کو بتایا تھا کہ تحقیقاتی افسر واقعے کی تفتیش کررہے ہیں اور غیرت کے نام پر قتل سمیت دیگر پہلوؤں پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY