لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فائرنگ، 3 پاکستانی جاں بحق

0
123

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے مختلف سیکٹرز پر ہندوستانی فوج نے ایک مرتبہ پھر بلااشتعال فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 2 بچیوں اور ایک نوجوان لڑکے سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔

کوٹلی ڈسٹرکٹ کے اسسٹنٹ کمشنر راجہ محمد عارف نے بتایا کہ ہندوستانی فورسز کی جانب سے فائرنگ کا آغاز صبح 9 بجکر 45 منٹ پر ہوا، جس کے نتیجے میں کیری سیکٹر کی تحصیل چارہوئی میں ہلاکتیں ہوئیں۔

انھوں نے ڈان کو بتایا کہ ہندوستانی فورسز کی جانب سے بھاری شیلنگ کی گئی۔

اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق ‘ایک شیل سبزکوٹ گاؤں کے ایک گھر میں آکر گرا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان، اس کی بہن اور کزن جاں بحق ہوگئی،جن کی شناخت 18 سالہ شہزاد، 10 سالہ فائزہ اور 5 سالہ اریبہ کے نام سے ہوئی’۔

انھوں نے مزید بتایا کہ شہزاد کا 24 سالہ بھائی محمود اور 12 سالہ بہن شانزہ اور اریبہ کی بڑی بہن شدید زخمی ہوئیں، جنھیں کوٹلی کے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

بھمبر ڈسٹرکٹ کے حکام کا کہنا تھا کہ سماہنی اور برنالہ گاؤں میں بھی ہندوستانی فورسز کی جانب سے شیلنگ کی گئی۔

سماہنی گاؤں کے پولیس اسٹیشن کے ایک عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ یہاں رات 3 بجے سے بھارتی شیلنگ جاری ہے، جس کے نتیجے میں تعظیم بی بی نامی ایک خاتون زخمی ہوئیں، جنھیں میرپور کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں ہندوستانی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 بچیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرچکے ہیں۔

دوسری جانب پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ بھارتی فوج کی فائرنگ کا پاک فوج کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا۔

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور ورکنگ باؤنڈری پر ہندوستانی افواج کی جانب سے سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزیاں حالیہ کچھ عرصے سے ایک معمول بن چکی ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY