ہملٹن کے سیڈن پارک میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی کپتان اظہر علی نے میزبان ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

نیوزی لینڈ کو پہلا نقصان محض 5 کے مجموعی اسکور پر ہوا، جب ٹام لیتھم بغیر کوئی رن بنائے محمد عامر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کپتان کین ولیمسن کریز پر آئے تو وہ بھی اوپنر جیت راوَل کا زیادہ دیر تک ساتھ نہ دے سکے اور سہیل خان کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔

دوسری وکٹ گرنے کے بعد روس ٹیلر بیٹنگ کے لیے آئے اور جیت راول کا ساتھ دیتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔

تاہم جیسے ہی نیوزی لینڈ کا مجموعی اسکور 77 پر پہنچا ایک بار پھر بارش شروع ہوگئی جس کے باعث میچ کو روکنا پڑا۔

قبل ازیں بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا تھا۔

واضح رہے کہ اس بات کی پہلے ہی پیش گوئی کی گئی تھی کہ بارش کے باعث میچ میں خلل پڑ سکتا ہے۔

پاکستان کی جانب سے دوسرے ٹیسٹ میچ میں محمد رضوان کو ڈیبیو کرایا گیا ہے۔

دوسری جانب کیوی فاسٹ باؤلر ٹرینٹ بولٹ انجری کے باعث دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کا کھیل بھی موسلا دھار بارش کے باعث نہیں ہوپایا تھا اور پانچ روزہ میچ چار روز کا رہ گیا تھا، جس میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 8 وکٹ سے شکست دی تھی۔

SHARE

LEAVE A REPLY