آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں بارش مسلسل مداخلت کے باوجود پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے اور آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی ہے۔

برسبین میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں 490 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 70 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز شروع کی تو یونس خان اور اظہر علی وکٹ ہر موجود تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے پہلے سیشن کے دوران عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلین باؤلرز کو وکٹ سے محروم اور موسم کی مداخلت نے بھی اس سلسلے میں ان کا بھرپور ساتھ نبھایا۔

دوسرے سیشن میں مچل اسٹارک کی ایک گیند پر غیر ضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں اظہر علی کی 71 رنز کی اننگز اور 91 رنز کی شراکت کا خاتمہ ہو گیا۔

اظہر کے آؤٹ ہونے کے بعد ایک بار پھر خراب موسم کے سبب کھیل کو روک دیا گیا اور میچ دوبارہ شروع ہوا تو کچھ ہی دیر بعد کپتان مصباح الحق بھی وکٹ گنوا بیٹھے۔

یونس خان کی چھ اننگز سے جاری خراب فارم کا بالآخر خاتمہ ہوا اور انہوں نے نصف سنچری اسکور کی لیکن 65 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد تجربہ کار بلے باز ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں ناتھن لایون کی وکٹ بن گئے۔

اس کے بعد ڈنر تک سرفراز احمد اور اسد شفیق نے کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور پانچ وکٹ کے نقصان پر 203 رنز بنائے لیے ہیں، پاکستان کو میچ میں فتح کیلئے مزید 287 رنز درکار ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY