شام : ترکی کے فضائی حملوں میں داعش کے 38 جنگجو ہلاک

0
209

ترک فوج کے لڑاکا طیاروں اور توپ خانے نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں اس تنظیم کے اڑتیس جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔

ترک فوج نے جمعرات کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران میں لڑاکا جیٹ نے شام کے شمالی علاقے میں داعش کے اٹھائیس اہداف کو نشانہ بنایا ہے اور ان کی پناہ گاہوں ،کمان مراکز ،ہتھیاروں کے ڈپوؤں اور گاڑیوں کو بمباری کرکے تباہ کردیا ہے۔

ترکی کے حمایت یافتہ شامی باغیوں نے گذشتہ کئی ہفتوں سے الباب کا محاصرہ کررکھا ہے۔ترکی کی سرحد سے پچیس کلومیٹر دور واقع اس قصبے پر قبضے کی لڑائی میں ترک فوج اور اس کے حمایت یافتہ شامی باغیوں کو داعش کی سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔

ترک فورسز صوبہ حلب میں واقع الباب پر قبضے کے بعد ایک اور قصبے منبج میں کرد فورسز کے خلاف کارروائی کا ارادہ رکھتی ہیں۔ پھر وہ داعش کے مضبوط گڑھ الرقہ کی جانب پیش قدمی کریں گی۔ترک فوج نے شام میں ”فرات کی ڈھال” کے نام سے 24 اگست کو داعش کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا۔اس کے حمایت یافتہ شامی باغیوں نے اس دوران میں ترکی کے ساتھ واقع بیشتر سرحدی علاقوں پر قبضہ کر لیا ہے اور وہاں سے داعش کے جنگجوؤں کو پسپا کردیا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY