روس: چاقو بردار شخص کے حملے میں 8 افراد زخمی

0
104

روس کے شمالی علاقے سرگٹ میں ایک چاقو بردار شخص نے سڑک پر کھڑے 8 لوگوں کو چاقو کے وار سے شدید زخمی کردیا جسے گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روسی تحقیقاتی کمیٹی نے اس معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

روسی تفتیش کاروں کے مطابق حملہ آور نے سرگٹ کی مرکزی شاہرہ پر پیدل چلنے والے افراد پر چاقو کے مسلسل وار کیے جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوئے۔

تفتیش کاروں کے مطابق پولیس نے فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ کر حملہ آور پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم مزاحمت کرنے پر اسے ہلاک کردیا گیا۔

مذکورہ واقعہ روس کے شمالی علاقے میں رونما ہوا جو ماسکو سے تقریباً 2 ہزار 1 سو کلومیٹر کے فاصلے پر تیل کی دولت سے مالامال خطے خنطیہ-منسی میں واقع ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی اب تک شناخت نہیں ہوسکی۔

واضح رہے کہ رواں ماہ 2 اگست کو روس کے دارالحکومت ماسکو کی ایک عدالت کے احاطے میں فائرنگ کے واقعے میں وسطی ایشیائی ملک سے تعلق رکھنے والے قتل کے 3 ملزمان ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔

دوسری جانب حالیہ دنوں میں یورپ میں چاقو سے حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY