لاہور:رائیونڈ میں دھماکا،پولیس اہلکاروں سمیت20افراد زخمی

0
112

رائے ونڈ میں پولیس چیک پوسٹ کے نزدیک ہونے والے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ اے ایس پی اور پولیس اہلکاروں سمیت 20 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کی شدت اتنی شدید تھی کہ اس سے قریب کھڑی متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز علاقے میں پہنچیں اور ایمبیولینسوں کے ذریعے زخمی افراد کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کرنے کا عمل شروع کیا۔

دھماکے میں زخمی ہونے والے بعض افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ادھر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو سیل کر کے آمدورفت کیلئے بند کر دیا ہے اور سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے دنیا نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ دھماکے میں پولیس کو ٹارگٹ کیا گیا تھا۔ ابتدائی طور ہر موٹر سائیکل کے استعمال بارے اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو ٹی ایچ کیو اور جناح منتقل کیا جا رہا ہے۔

لاہور پولیس کے ایس پی عمر فاروق کا دنیا نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ دھماکا خود کش تھا یا پلانٹ؟ ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ دھماکے کے بعد لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر فوری طور پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY