روزنامہ ڈان کے صحافی سیرل المیڈا کا نام ای سی ایل میں شامل

0
871

سیاسی اورعسکری قیادت کے درمیان حساس نوعیت کے اجلاس سے متعلق انگریزی اخبار ’’ڈان ‘‘ میں من گھڑت خبر شائع کرنے والے صحافی سیرل المیڈا کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے۔

ڈان اخبار میں بطور اسسٹنٹ ایڈیٹر کام کرنے والے سیرل المیڈا نے اس خبر کی تصدیق اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پربھی کی ہے۔

اپنے ٹویٹ میں المیڈا کا کہنا ہے کہ مجھے اطلاع دے دی گئی ہے اور ثبوت بھی دکھا دیے گئے ہیں کہ میرا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کردیا گیا ہے

یاد رہے کہ جمعرات 6 اکتوبر کو ڈان میں شائع ہونے والی ایک خبر پر وزیراعظم کے دفتر نے ایک اور بیان جاری کیا ہے، جس میں رپورٹ کے مواد کی سختی سے تردید اور اسے مسترد کرتے ہوئے ‘من گھڑت’ قرار دیا ہے۔

یہ وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والا تیسرا بیان ہے، پہلا اور اس کے بعد دوسرا نظرثانی شدہ سخت بیان 6 اکتوبر کو جاری کیا گیا۔

نئے بیان کے مطابق پیر کو اعلیٰ سول اور فوجی قیادت کی ایک ملاقات کے بعد ایوان وزیراعظم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اجلاس کے شرکاء نے روزنامہ ڈان میں شائع ‘من گھڑت خبر’ پر خدشات کا اظہار کیا جس میں گزشتہ ہفتے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا ذکر کیا گیا جس میں قومی سلامتی کے امور زیرغور آئے تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ‘ اجلاس میں شریک افراد نے متفقہ طور پر اس شائع خبر کو قومی سلامتی کے معاملات کی رپورٹنگ کے عالمگیر تسلیم شدہ اصول کی واضح خلاف ورزی قرار دیا جس میں غلط اور گمراہ کن مواد کے ذریعے اہم ریاستی مفادات کو خطرے میں ڈالا گیا، جن کا اجلاس میں ہونے والی گفتگو اور حقائق سے کوئی تعلق نہیں تھا’۔

SHARE

LEAVE A REPLY