نواز شریف نے مودی کے موقف کی تائید کی، شیری رحمان

0
28

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمان نے ممبئی حملوں سے متعلق نواز شریف کے متنازع بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں صاحب نے مودی کے موقف پر ٹھپا لگا دیا ہے، ان کے بیان سے پاکستان کا وقار مجروح ہوا۔

کراچی میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیری رحمان نے نواز شریف کو مخاطب کرکے سوال کیا کہ میاں صاحب، یہ کیا بیانیہ ہے؟ کیا وہ نہیں جانتے تھے کہ اس بیان کا کیا رد عمل آئے گا؟ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ممبئی حملوں سے متعلق نواز شریف کے بیان کو مسترد کرتی ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان نے 2008 سے ممبئی کیس میں مستقل تعاون کیا اورامریکا بھی کہہ چکا ہے کہ ممبئی حملوں میں پاکستان کا کردار نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بیان کے بعد پوری دنیا میں اس حوالے سے باتیں کی جا رہی ہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر طاقتور ممالک نے ہدف بنایا ہوا ہے، عالمی طاقتیں اپنی ناکامیاں پاکستان پر ڈال رہی ہیں لیکن پیپلز پارٹی ہر سطح پر پاکستان کا مقدمہ لڑے گی۔

SHARE

LEAVE A REPLY