جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان جاری 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں میزبان لنکن ٹیم نے پروٹیز کو 199 رنز مات دے کر سیریز میں وائٹ واش کردیا جبکہ کرونارتنے مین آف دی میچ سمیت مین آف دی سیریز کی ٹرافی لے اڑے۔

کولمبو میں کھیلے گیا ٹیسٹ میں بھی مہمان پروٹیز ٹیم کا حال گزشتہ گال ٹیسٹ سے کم برا نہیں ہوا، میچ 5 دن کے بجائے4 دن میں ختم ہوگیا، مہمان ٹیم 490 رنز کے مقرر کیے گئے لنکن ہدف کے تعاقب میں 290 رنز پر پویلین لوٹ گئی اور 199رنز سے شکست کھانے کے بعد سیریز سے بھی ہاتھ دھو بیٹھی۔

آج میچ کے چوتھے روز پروٹیز نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 139رنز 5 وکٹ پر دوبارہ شروع کیا تو ڈی بروئن اور باومالنکن اسپنرز کے سامنے ڈٹ گئے اور 6 چھٹی وکٹ پر 97رنز کی شراکت قائم کردی لیکن وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے ، ڈی بروئن نے101کی اننگز کھیلی جبکہ باوما 63رنز کے ساتھ نمایاں رہےتاہم لنکن بولرز کی جانب سے ہیراتھ نے 6 شکار کیے جبکہ پریرا اور دننجایا نے 2،2 وکٹیں لیں۔

سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز 275رنز 5 وکٹ پر ڈکلیئر کردی تھی جس نے کرونارتنے اور میتھیوز بلاترتیب 85 اور 71رنز بنا کر نمایاں رہے اور حریف پروٹیز کے لیے 490 رنز کا ہدف مقرر کیا تھا۔

اس سے پہلے میزبان لنکن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ٹیم 338پر آئوٹ ہوئی جس میں کیشو مہاراج نے 9 شکار کیے، پروٹیز جواب میں 124 رنز پر ڈھیر ہوئے جس میں 5 شکار لنکن بولر دننجایا اور 4 وکٹ پریرا کے حصے میں آئےتھے۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے جنوبی افریقہ کے خلاف کلین سوئپ کیا جبکہ سیریز کے پہلے گال ٹیسٹ میں بھی پروٹیز کو 278 رنز سے منہ کی کھانی پڑی تھی جبکہ اب دونوں ٹیموں کے درمیان 29 جولائی سے 5 ون ڈے میچز کی سیریزکا آغاز ہوگا جس کے بعد پروٹیز دورے کا اختتام واحد ٹی 20 سے ہوگا۔

SHARE

LEAVE A REPLY