پنجاب میں تحریکِ انصاف نے آزاد امیدواروں کی شمولیت کا میدان مار لیا، 23 ارکان پنجاب اسمبلی پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے، پنجاب میں تحریکِ انصاف کی مسلم لیگ ق کی حمایت سے تعداد 154 پر پہنچ گئی۔

پنجاب اسمبلی کے 30 آزاد ارکان میں سے 23 تحریکِ انصاف کے کھلاڑی بن چکے ہیں، ان میں سے ایک آزاد رکن مسلم لیگ (ق) میں شامل جبکہ 6 نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

چودھری نثار علی خان، غلام رسول سانگھا اور محمد معاویہ کی ابھی آزاد حیثیت برقرار ہے جبکہ سیدہ میمنت محسن، مخدوم ہاشمی اور احمد علی اولکھ بھی ابھی کسی فیصلے پر نہ پہنچ سکے ہیں۔

آج تحریکِ انصاف میں شامل ہونے والے امیدواروں میں فیصل آباد کے حلقہ این اے 101 سے رکن قومی اسمبلی عاصم نذیر، ڈیرہ غازی خان میں کھوسہ فیملی کو شکست سے دوچار کرنے والے آزاد رکن قومی اسمبلی امجد کھوسہ اور ایم پی اے محسن عطا کھوسہ، چنیوٹ کے حلقہ پی پی 93 سے تیمور لالی، پی پی 124 جھنگ سے تیمور خان اور پی پی 277 سے علمدار قریشی جبکہ مظفر گڑھ سے سردار خُرم خان لغاری اور جھنگ سے مہر اسلم بھروانہ شامل ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY