پریڈ گراونڈ اسلام آباد میں تحریک انصاف کا یوم تشکر کا جلسہ

0
277

اسلام آباد کی پریڈ گراونڈ میں تحریک انصاف کا یوم تشکر کا جلسہ ختم ہو گیا جسمیں مختلف رینماوں نے تقاریر کی ہیں۔ اسٹیج پر عمران خان سمیت تحریک کی اعلی قیادت کے ساتھ شیخ رشید اور کے پی کے کے وزیر اعلی بھی بیٹھے ہو ئے تھے

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا سے آنے والے قافلے پر دشمن سمجھ کر ظلم کیا گیا، جبکہ اس دن کا انتظار ہے جب شریف برادران جیل میں ہوں گے۔

اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں تحریک انصاف کے ’یوم تشکر‘ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’پرویز خٹک آج آپ پاکستان کے ہیرو بن چکے ہیں، میں آپ کو پاکستان کی عوام کی طرف سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، خیبر پختونخوا سے آنے والے قافلے پر جس طرح کی شیلنگ کی گئی اس سے ایسا لگ رہا تھا جیسے اس میں شامل لوگ پاکستانی نہیں بلکہ دشمن ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’شریف برادران اپنی کرپشن بچانے کے لیے پاکستانیو کو آپس میں لڑا رہے ہیں، انہیں پاکستانیو پر اس طرح کا ظلم کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے تھی، میں اس دن کا انتظار کر رہا ہوں جب نواز شریف اور شہباز شریف جیل میں ہوں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’جب سے پاناما لیکس کا معاملہ سامنے آیا ہے ایک جانب نواز شریف روز کسی سڑک کا فیتہ کاٹ رہے ہیں تو دوسری جانب شہباز شریف ڈرامے کر رہے ہیں۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’کہا گیا کہ خیبر پختونخوا سے لوگ ہتھیار لے کر آئے ہیں، لیکن مجھے کوئی ہتھیار نظر نہیں آیا اور نہ ہی تحریک انصاف نے کبھی انتشار کی سیاست کی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس دن انتہائی خوشی ہوئی جب سپریم کورٹ کے ججز نے کہا کہ ملک میں ادارے کام نہیں کر رہے، ججز نے کہا کہ پاناما کی وجہ سے ملک میں کام رک گیا ہے، اپوزیشن کا کام حکومت کی کرپشن پر آواز بلند کرنا ہے، سابق صدر آصف زرداری اور نواز شریف نے چارٹر آف ڈیموکریسی کے نام پر چارٹر آف مک مکا کرکے ادارے تباہ کیے اور جب تک ادارے مضبوط نہیں ہوتے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔‘

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اسلام آباد کی پریڈ گراونڈ میں تحریک انصاف کا یوم تشکر کا جلسہ جاری ہے جسمیں مختلف رینما تقاریر کر رہے ہیں۔ اسٹیج پر عمران خان سمیت تحریک کی اعلی قیادت کے ساتھ شیخ رشید اور کے پی کے کے وزیر اعلی بھی بیٹھے ہو ئے ہیں

جلسے میں بڑی تعداد میں جماعت کے کارکن شریک ہیں جن میں خواتین کے ساتھ بچے بوڑھے اور نوجوان بھی شامل ہیں

یوم تشکر کی سیکیورٹی کے لئے پولیس اور ایف سی کے دستے جگہ جگہ تعینات کردئے گئے ہیں۔ وزارت داخلہ کے مطابق یوم تشکر کی سیکیورٹی کے لئے دس ہزار اہلکار تعینات کردئے گئے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY