پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے رکنیت ختم کیے جانےکے پارٹی فیصلےکے خلاف عدالت جانےکا فیصلہ کیا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں احمد جواد کا کہنا تھا کہ پارٹی سے غیر قانونی طور پر نکالا گیا، پی ٹی آئی کا کارکن اور ووٹر عمران خان کا اصل چہرا پہچان چکا ہے۔

احمد جوادکا کہنا تھا کہ اس قوم کے ساتھ 74 سالوں میں اتنا بڑا دھوکا نہیں ہوا، اوور سیز پاکستانیوں کو اے ٹی ایم کی طرح استعمال کیا گیا۔

خیال رہےکہ پی ٹی آئی کے سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے گذشتہ دنوں تحریک انصاف کی پالیسیوں پر آواز اُٹھائی تھی اور وزیراعظم کے قریبی ساتھیوں کو ہدفِ تنقید بنایا، اس کے علاوہ انہوں نے پی ٹی آئی دور حکومت میں ارب پتی بننے والوں کے نام بھی سامنے لانےکا اعلان کیا تھا۔

گذشتہ روز تحریک انصاف نے اعلامیہ جاری کیا تھا جس کے مطابق سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد کی پارٹی رکنیت قیادت کےخلاف بے بنیاد الزامات لگانے کی وجہ سے ختم کردی گئی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ احمد جواد کو صفائی کا موقع دیتے ہوئے 12 اور 19 جنوری کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کیےگئے، احمد جواد نے اپنی صفائی پیش کرنےکے بجائے الزامات کی نئی فہرست قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب کو بھجوادی ۔

SHARE

LEAVE A REPLY