شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ ان کے بڑے بھائی کِم جانگ نَیم ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور کے ایئرپورٹ میں قاتلانہ حملے میں ہلاک ہوگئے۔
امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق ملائیشین حکام نے اس بات کی تصدیق کی کہ کم جانگ نیم پر کوالالمپور کے ایئرپورٹ پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگئے۔
ایک عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کم جانگ نیم ایئرپورٹ پر موجود تھے جہاں ان پر کسی نے مائع شے کا اسپرے کیا جس کے بعد ان کی حالت بگڑ گئی۔
عہدے دار نے مزید بتایا کہ طبیعت بگڑنے کے بعد کم جانگ نیم انفارمیشن کاؤنٹر پر مدد کے لیے پہنچے جہاں سے انہیں ایئرپورٹ کے کلینک لے جایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ طبیعت زیادہ بگڑنے پر کم جانب نیم کو ہسپتال روانہ کیا گیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس چیف عبدالعزیز علی نے بتایا کہ کم جانگ نیم مکاؤ جانے کے لیے فلائٹ کا انتظار کررہے تھے۔
اے پی کے مطابق کم جانگ نیم شمالی کوریا کے موجودہ رہنما کم جانگ ان کے سوتیلے بھائی تھے اور ان دونوں کے والد سابق شمالی کورین رہنما کم جانگ ایل تھے۔
رپورٹ کے مطابق کم جانگ نیم 2001 کے بعد سے شمالی کوریا میں ناپسند کیے جانے لگے تھے کیوں کہ انہوں نے اس وقت جعلی پاسپورٹ پر جاپان میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی اور کہا تھا کہ وہ ٹوکیو ڈزنی لینڈ کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔












