کلبھوشن کے اہلخانہ کی ملاقات دفتر خارجہ میں ہو گی

0
769

بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی والدہ اور اہلیہ آج صبح اسلام آباد پہنچیں گی اور کلبھوشن سے ملاقات کے بعد آج ہی ان کی واپسی ہو گی۔ کلبھوشن کی اپنے اہلخانہ سے ملاقات دفتر خارجہ میں ہو گی۔

کلبھوشن یادیو کی اہلخانہ سے ملاقات دفتر خارجہ میں اور دن کے اوقات میں ہو گی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق، ملاقات کا دورانیہ 15 منٹ سے 1 گھنٹے تک ہو سکتا ہے۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ ایئرپورٹ سے ملاقات تک کلبھوشن کے اہلخانہ کے ساتھ ہوں گے۔ ملاقات میں پاکستانی دفتر خارجہ کا افسر بھی شریک ہو گا۔ پاکستان نے بھارتی میڈیا کو بھی کوریج کی اجازت دی تھی لیکن بھارتی حکومت نے اپنے میڈیا کو پاکستان آنے سے روک دیا ہے۔ پاکستان نے کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ کو میڈیا سے گفتگو کی بھی اجازت دی تھی لیکن بھارت نے دونوں خواتین کو میڈیا سے بات چیت سے روک دیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق کلبھوشن کو اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت انسانی ہمدردی اور اسلامی شعائر کو مدنظر رکھتے ہوئے دی گئی ہے۔ اس کی پھانسی کے حکم پر عملدرآمد کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ ملاقات کے بعد دفتر خارجہ کی جانب سے میڈیا کو بریفنگ دی جائے گی۔

واضح رہے کہ پہلے ذرائع سے یہ اطلاعات بھی موصول ہوئی تھیں کہ کلبھوشن کے اہلخانہ کی اسلام آباد آمد کے شیڈول میں تبدیلی کا امکان ہے اور اس کے اہلخانہ آج رات خصوصی طیارے سے اسلام آباد پہنچیں گے اور رات کو بھارتی ہائی کمیشن میں قیام کریں گے۔ جب کہ کلبھوشن سے ان کی ملاقات کل کروائی جائے گی۔ تاہم، بعد ازاں معلوم ہوا کہ کلبھوشن کے اہلخانہ کو آج رات اسلام آباد پہنچنے کیلئے فلائٹ کلیئرنس نہیں مل سکی چنانچہ اب وہ شیڈول کے مطابق صبح اسلام آباد پہنچیں گی۔

SHARE

LEAVE A REPLY