منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کی تحقیقات کے دوران سابق وزیر اویس مظفر ٹپی کا نام بھی سامنے آگیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بے نامی اور جعلی اکاؤنٹس سے اویس مظفر ٹپی کے اکاؤنٹ میں جانے والی رقم کی منی ٹریل بھی مل گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں 28اکاؤنٹس کی منی ٹریل کی تحقیقات کے دوران اویس مظفر ٹپی کا نام سامنے آیا ہے۔
بےنامی اور جعلی اکاؤنٹس سے اویس مظفر ٹپی کے اکاونٹس میں بھی رقم منتقل کی گئی، منی ٹریل سامنے آنے کے بعد ایف آئی اے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
اویس مظفر ٹپی سابق صدر آصف علی زرداری کے منہ بولے بھائی ہیں اور 2008ءسے 2013ء کے دوران سندھ کی طاقت ور شخصیت کے طور پر ابھر کر سامنے آئے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مزید مقدمات کے اندراج کے لیے ایف آئی اے کی تحقیقات جاری ہیں۔
زرداری گروپ کے ان افراد کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں جن کے بینک اکاؤنٹ متحرک تھے، دیگر کسی ڈائریکٹر کے خلاف انکوائری نہیں ہو رہی نہ ہی کسی اور ڈائریکٹر کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آصفہ بھٹو، بلاول بھٹو اور بختاور کو نوٹس جاری نہیں کیے گئے اور نہ ہی ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا ہے، ایف آئی اے حکام کے مطابق یہ تینوں زرداری گروپ کے گروپ ڈائریکٹرز ہیں تاہم تینوں غیر فعال ہیں۔












