زمبابوے میں صدارتی انتخابات میں صدر ایمرسن منانگاگوا کو کامیاب قرار دیا گیا ہے، جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے نتائج کو جعلی قرار دے دیا ہے۔
ہرارے میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے ایمرسن منانگاگوا کو تقریباً 51فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں، جبکہ اُن کے حریف نیلسن شامیزا کو 44فیصد سے زائد ووٹ ملے ہیں۔
منانگاگوا کا تعلق حکمران زانو پی ایف پارٹی سے ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن سیاسی جماعت ایک ڈی سی کے ترجمان نے ووٹوں کی گنتی کے عمل کو جعلی قرار دیا ہے۔
صدارتی انتخابات کے دوران ملک بھر میں ہونے والے پرتشدد ہنگامہ آرائی میں 6 افراد ہلاک ہوئے جن میں وزیر سیاحت کی پھوپھی بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ صدر رابرٹ موگابے کے طویل اقتدار کے بعد زمبابوے میں یہ پہلے صدارتی انتخابات تھے۔












