پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے بطور وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد کے لیے پیغامات اور فون کالز کا سلسلہ جاری ہے۔
برطانیہ کی وزیراعظم تھریسا مے، ایرانی صدر حسن روحانی اور ترک صدر طیب اردوان جبکہ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے سینئر حکام نے عمران خان کو پاکستان کے وزیراعظم کا حلف اٹھانے پر مبارکباد کے پیغامات بھجوائے۔
عمران خان اور برطانوی وزیراعظم کی ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت کے بعد لندن میں ڈاؤننگ اسٹریٹ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘وزیراعظم کی جانب سے انہیں، ان کی پاکستان کے انتخابات میں کامیابی اور نئی پوزیشن پر مبارکباد پیش کرتی ہیں’، بعد ازاں یہ بیان برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے مقامی میڈیا کے ساتھ شیئر کیا گیا۔
علاوہ ازیں برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ ‘پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے بات چیت کرکے خوشی ہوئی، برطانیہ اور پاکستان کے درمیان اہم اور وسیع تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک کے پاس دوطرفہ تجارت اور باہمی سیکیورٹی مسائل کے علاوہ ساتھ کام کرنے کے کافی مواقع موجود ہیں’۔
برطانوی ہائی کمیشن کے جاری بیان میں وزیراعظم تھریسا مے کے حوالے سے کہا گیا کہ پاکستان نے اداروں کو مضبوط کرنے، قانون کی بالا دستی، خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کا وعدہ پورا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے جلد ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔
ایرانی صدر کی جانب سے عمران خان کو لکھے گئے خط میں تہران اور اسلام آباد کے درمیان تعاون اور تعلقات کو مزید وسعت دینے کا اظہار کیا گیا۔
ایرانی صدر کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ‘میں آپ کو پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، جو پاکستانی قوم کی بہادری اور اُمنگوں کی ترجمانی کرتا ہے’۔













