ترکی کے جنوب مشرقی علاقے میں قائم فوجی بیس میں اسلحہ ڈپو کے اندر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ترک وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ بھاری اسلحہ چلانے کے دوران نامعلوم وجوہات کی بنا پر ہونے والے حادثے میں 25 فوجی زخمی ہوئے جبکہ 7 افراد لاپتہ ہیں۔
دھماکا عراق اور ایران سے ملحقہ ہکاری صوبے میں پیش آیا۔
یہ بیس خصوصی طور پر کرد باغیوں کے خلاف آپریشنز کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے ترک ریپبلک کے بانی مصطفیٰ کمال اتا ترک کی 80ویں برسی پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلحہ ڈپو میں دھماکے سے 4 ہلاکتیں ہوئیں۔
بعد ازاں انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے سے 7 فوجی ہلاک اور 25 زخمی ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے انقرہ کے ہسپتال لے جایا گیا جبکہ دیگر ہکاری صوبے کے ہی ہسپتال میں داخل ہیں۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’ابھی یہ بات واضح نہیں حادثہ ٹریننگ کے دوران ہوا یا باغیوں سے جھڑپ کی وجہ سے پیش آیا‘۔












