وزیر اعظم عمران خان نے امریکہ۔ طالبان مذاکرت میں، جو ایک روز پہلے متحدہ عرب امارات میں ہوئے تھے، پاکستان نے جو کردار ادا کیا ہے منگل کے روز اسے اجاگر کیا اور ٹوئیٹ کے توسط سے اس کا اعادہ کیا کہ امن عمل کو مزید تقویت پہنچانے اور بہادر اور جری افغانوں کی برسوں پرانی پریشانیوں اور تکلیفوں کا خاتمہ کرنے کے لیے ان کی حکومت حتی الامکان کوششکرے گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ان خیالات کا اظہار افغان جنگ کے خاتمہ اور کسی نتیجہ پر پہنچنے کے لیے پاکستان کی مساعی سے متحدہ عرب امارات میں امریکی سفارت کاروں اور طالبان کے نمائندوں کی ملاقات کے ایک روز بعدکیا ہے۔

ابو ظبی میں ہونے والے ان مذاکرات میں پاکستان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حکام نے بھی شرکت کی۔

تاہم مذاکرات میں حصہ لینے والوں نے دن بھر کے تبادلہ خیال کے بعد کوئی بیان جاری نہیں کیا حالانکہ خارجہ ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹوئیٹ کر کے مذاکرات کے آغاز کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔

افغانستان میں امن و مصالحت کے حوالے سے امریکی خصوصی ایلچی زلمے خلیل زاد کے تقرر کے بعد طالبان اور امریکی حکام کے درمیان یہ تیسری ملاقات ہے۔ان کی گذشتہ میٹنگ تین روز تک جاری رہی۔

SHARE

LEAVE A REPLY