نواز شریف اسپتال منتقل، علاج کیلئے چوتھا میڈیکل بورڈ تشکیل

0
935

سابق وزیراعظم نواز شریف کا سروسز اسپتال میں چیک اپ جاری ہے، سابق وزیر اعظم کے لئے چوتھا میڈیکل بورڈ بنا دیا گیا۔

میڈیکل بورڈ میں سرجن پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، میڈیسن اسپیشلسٹ ڈاکٹر کامران چیمہ اور ڈاکٹر ساجد نثار بھی شامل ہیں۔ میڈیکل بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر محمود ایاز کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر ماہر امراض دل کو بلایا جائے گا، اس سے پہلے سابق وزیراعظم نواز شریف کے لئے تین میڈیکل بورڈ بن چکے ہیں۔

یاد رہے کہ میاں محمد نواز شریف کی کوٹ لکھپت سے سروسز اسپتال آمد پر وی آئی پی روم تیار کر لیا گیا ہے جبکہ ویٹنگ ایریا بھی بنا دیا گیا۔ اس کے علاوہ کمرے کو سب جیل قرار دیا گیا اور ایک ملازم رکھنے کی اجازت بھی دے دی گئی۔

ایک ڈی ایس پی، دو انسپکٹر اور 80 اہلکار ایک شفٹ میں سیکیورٹی کیلئے ڈیوٹی دیں گے جبکہ سیکیورٹی کے اوورآل انچارج ایس پی ماڈل ٹاؤن علی وسیم ہوں گے۔

میاں نواز شریف سخت سیکورٹی حصار میں جیل سے اسپتال پہنچے۔ میاں نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے تین رکنی میڈیکل بورڈ کو تمام پرانی رپورٹس مہیا کر دیں۔ میاں نواز شریف کے اسپتال پہنچتے ہی انکی سموسوں، شامی اور سیخ کباب سے تواضع کی گئی۔

یاد رہے گزشتہ روز سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کوٹ لکھپت جیل میں میڈیکل بورڈ نے طبی معائنہ کیا اور رپورٹ میں ظاہر کیا کہ نواز شریف کو پیچیدہ مسائل درپیش ہیں، میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کو ہسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی تھی۔

SHARE

LEAVE A REPLY