وکی لیکس کے بانی جولین اسانج اپنی پارٹنر سٹیلا مورس سے آج جیل میں شادی کریں گے۔ اس حوالے سے جیل میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جولین اسانج آج سٹیلا مورس سے جنوب مشرقی لندن میں اعلیٰ حفاظتی جیل کے اندر ایک چھوٹی سی تقریب میں شادی کریں گے جس میں چار مہمانوں، دو سرکاری گواہوں اور دو سکیورٹی گارڈز شرکت کریں گے۔
وکی لیکس بانی جولین اسانج کی عمر 50 سال ہے اور وہ جاسوسی کے الزامات میں امریکا ایکسٹراڈیشن کے خلاف قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔
وکی لیکس نے 2006 میں باقاعدہ آغاز کے بعد سے اب تک ہزاروں خفیہ دستاویزت افشا کر کے شہرت حاصل کی۔ ان دستاویزات میں فلم انڈسٹری سے لے کر عراق اور افغانستان کی جنگوں، قومی سلامتی اور دیگر راز وں سے پردہ اٹھایا گیا تھا۔
ان دستاویزات کی اشاعت کے بعد دنیا بھر میں تہلکہ مچ گیا تھا، وکی لیکس نے ان پبلیکشنز میں 2010 میں امریکہ کے ایک جنگی ہیلی کاپٹر سے بنائی گئی ویڈیو بھی نشر کی، جس میں عراق کے شہر بغداد میں شہریوں کو ہلاک کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
آسٹریلین جولین اسانج 2019 سے بلمارش جیل میں قید ہیں، پولیس نے ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس نے انہیں لندن میں ایکویڈور کے سفارتخانے سے حراست میں لیا تھا۔
جولین اسانج ایکسٹراڈیشن سے بچنے کیلئے 2012 سے لندن میں ایکویڈور کے سفارت خانے میں مقیم تھے کیونکہ انہیں سویڈن میں سیکسوئل آفنسز جیسے الزامات کا سامنا ہے لیکن جولین اسانج نے ہمیشہ ان الزامات کی تردید کی ہے اور بالآخر سویڈش پبلک پراسیکیوشن نے ان کےخلاف ریپ کے الزام کو ڈراپ کر دیا۔












