آئی سی سی ورلڈکپ کرکٹ میچ کے دوران آسٹریلیا نے سری لنکا کو 87 رنز سے شکست دیدی۔ مچل سٹارک کی تباہ کن باؤلنگ کے بعد 334 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لنکن ٹائیگر کی ٹیم 247 رنز پر ہمت ہار گئی جبکہ ٹورنامنٹ کے دوران پروٹیز ٹیم کو بھی پہلی فتح مل گئی۔
سری لنکا کے اوپنر کروراتنے اور کوشل پریرا نے جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ پہلا نقصان 115 سکور پر ہوا جب مچل سٹارک نے پریرا کو آؤٹ کیا، انہوں نے 36 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔ ان کی اس اننگز میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ دوسری وکٹ تھریمانے کی گری جو 16 رنز بنا کر بہرنڈورف کی گیند پر وکٹ کیپر کیری کو کیچ دے بیٹھے۔
تیسری وکٹ کپتان کروراتنے کی صورت میں گری جو نروس نائٹیز کا شکار ہو گئے اور 97 رنز کی اننگز کھیل کر رچرڈسن کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ مینڈس نے 30 رنز بنائے۔ دیگر 6 بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے اور پوری ٹیم 45.5 اوورز میں 247 پر ڈھیر ہو گئی۔ مچل سٹارک نے 4 شکار کیے۔












