سابق وزیراعطم میان نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرو لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے معاملے پر حکومتی عہدیداروں کے متضاد بیانات سامنے آئے ہیں۔
وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیگی قائد کا باہر جانا زیادتی ہوگی جبکہ فیصل واوڈا نے دو نہیں، ایک پاکستان کا نعرہ لگا دیا۔ گورنر پنجاب کہتے ہیں کہ آج ہی ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر نظرثانی ہوگی جبکہ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قانون کے مطابق ہی فیصلہ ہوگا۔
خبر کی تفصیل کے مطابق فواد چودھری نے ایک بیان میں انکشاف کیا کہ وفاقی کابینہ کے تمام ارکان نواز شریف کو باہر بھیجنے کے حامی نہیں ہیں۔ تاحال کابینہ کو نواز شریف کا نام نکالنے کیلئے سمری موصول نہیں ہوئی۔ ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے کابینہ کی منظوری درکار ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ میری ذاتی رائے میں نواز شریف کا باہر جانا زیادتی ہوگی۔ ن لیگ اپنے دور حکومت میں ایسا ہسپتال نہیں بنا سکی جہاں نواز شریف کا علاج ہو سکے۔ اس پر مسلم لیگ ن کو پہلے قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو باہر بھیجا جائے کیونکہ ملک میں ایسا کوئی ہسپتال نہیں ہے۔ نواز شریف کی جگہ میں ہوتا تو مر جانے کو ترجیح دیتا۔ میں یہ نہ کہتا کہ یہاں میرےعلاج کا ہسپتال نہیں ہے۔ بہرحال یہ بدقسمتی ہے، پارٹی فیصلہ کرے گی۔
دوسری جانب گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ اُن کی اداروں سے بات ہوئی ہے، یقین ہے آج نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا۔ سابق وزیراعظم کی صحت پر سیاست نہیں کی، چاہتے ہیں جلد انہیں بیرون ملک بجھوادیا جائے۔
ادھر وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف ہائی پروفائل مریض ہیں۔ سابق وزیراعظم جہاں سے چاہیں علاج کرا سکتے ہیں۔ بیماری کی تشخیص ہوگئی، ان کی شوگر کنٹرول نہیں ہو رہی۔ لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیکل بورڈ پر کسی قسم کا دباؤ نہیں، بورڈ کی رپورٹ پر ہی نواز شریف کو ضمانت ملی۔
وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی جانب سے بھی جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ہے 72 سالوں سے ملک کے سسٹم کا وہ بھیانک چہرہ، جس کو بدلنے عمران خان آئے ہیں۔ اس فرسودہ نظام کے خلاف پہلے لڑائی کی تھی، اب جنگ کریں گے، دو نہیں ایک پاکستان۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے، اس کی بدولت ابو، چچا اور پھر میں وہاں جا رہے ہیں جہاں ہمارے اشتہاری رشتہ دار اور لوٹی ہوئی دولت ہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ چچا آتے جاتے رہیں گے، ہم پہلے بھی سعودیہ بھاگ گئے تھے۔ ڈاکٹرز کے مطابق علاج کی شرط یہ ہے کہ تیمارداری کوئی نہیں، صرف میں مریم نواز کر سکتی ہیں۔













