امریکہ میں ہلاکتیں 14 ہزار، صرف نیویارک شہر میں 4 ہزار سے زیادہ اموات، بھارت میں 5700 مریض، 178 ہلاک، پاکستان میں 4317 مریض، 63 کا انتقال، 572 صحت یاب
دنیا بھر میں کرونا وائرس کی ہلاکت خیزی جاری ہے اور اب تک 88 ہزار سے زیادہ جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ 209 ملکوں اور خود مختار علاقوں میں پھیل جانے والی اس وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 15 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اسی وائرس کا شکار ہو کر تین دن سے آئی سی یو میں ہیں۔ اس دوران بدھ کو برطانیہ میں ایک دن میں سب سے زیادہ اموات ہوئیں جب 938 افراد اس وائرس کا شکار ہو کر چل بسے۔ برطانیہ میں ہلاکتوں کی تعداد سات ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران اسپین میں 747، اٹلی میں 542، فرانس میں 541، بیلجیم میں 205، جرمنی میں 192، نیدرلینڈز میں 147، ایران میں 121 اور برازیل میں 114 افراد چل بسے۔ سویڈن میں 96، ترکی میں 87 اور سوئزرلینڈ میں 74 افراد ہلاک ہوئے۔
امریکہ میں بدھ کی شام تک 1763 افراد کا انتقال ہوا تھا۔ گزشتہ روز یہ تعداد 1970 تھی۔ اس طرح کل اموات کی تعداد ساڑھے 14 ہزار ہوگئی ہے۔ امریکہ میں 22 لاکھ افراد کے ٹیسٹ ہوچکے ہیں اور سوا 4 لاکھ میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔













