ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ میں نے سنا ہے کہ وزیرِ اعظم ہاؤس میں بھی کچھ لوگوں کا کورونا ٹیسٹ ہوگا۔
’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے کہا کہ این آئی ایچ کے ڈاکٹرز نے میری کانٹیکٹ ہسٹری لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری کانٹیکٹ ہسٹری میں وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات بھی شامل ہے، میں نے سنا ہے کہ وزیرِ اعظم ہاؤس میں بھی کچھ لوگوں کا کورونا ٹیسٹ ہوگا۔
فیصل ایدھی نے مزید کہا کہ ایک ہفتے یا 10 دن بعد میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ دوبارہ ہو گا، ہمارے ورکرز میں زبردست حوصلہ ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے کورونا ہونے کے باوجود ریلیف کا کام جاری رہے گا، اپنے ورکرز سے کہا ہے کہ فکر کی کوئی بات نہیں، اپنا کام جاری رکھیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کی کورونا رپورٹ پازیٹیو آئی ہے، انہوں نے کورونا کا ٹیسٹ 3 روز قبل کرایا تھا، جس کی رپورٹ گزشتہ روز آئی۔
فیصل ایدھی کے صاحبزادے سعد ایدھی نے فیصل ایدھی کے کورونا ٹیسٹ کے مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیصل ایدھی اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں جو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
سعد ایدھی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کے خاندان کے دیگر افراد کراچی میں ہی ہیں، صرف میں والد کے ساتھ اسلام آباد میں ہوں۔
ایدھی حکام کے مطابق فیصل ایدھی میں کورونا کی کوئی بھی علامات نہیں تھیں انہوں نے 2 روز قبل احتیاطاً کورونا کا ٹیسٹ کرایا تھا جو مثبت آ گیا۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے ’جیو نیوز‘ سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد میں 16 اپریل کو سر درد اور بخار محسوس ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ 2 روز تک یہی علامات رہیں تو دوستوں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرانے کا مشورہ دیا، اب بظاہر کوئی علامت نہیں لیکن ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
فیصل ایدھی نے یہ بھی کہنا ہے کہ ڈاکٹر نے ایک ہفتے تک آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
فیصل ایدھی ایک ہفتہ قبل کراچی سے لاہور گئے تھے، انہوں نے 5 روز قبل 15 اپریل کو اسلام آباد میں وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی جس کے دوران انہیں کورونا ریلیف فنڈ کے لیے عطیہ دیا تھا۔












