کراچی میں سول ایوی ایشن ملازمین نے ملک بھر میں ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ کے خلاف شدید احتجاج کیا، ملازمین نے عدالت سمیت ہر جگہ قانونی جنگ لڑنے کا اعلان کردیا۔ دھمکی دی کہ آؤٹ سورسنگ کا عمل نہ روکا گیا تو آپریشن بند کرنے سمیت تمام آپشن استعمال کریں گے۔
ملک کے 3 بڑے ایئرپورٹ آؤٹ سورس کرنے کے معاملے پر سی اے اے ملازمین مختلف شہروں میں سراپا احتجاج ہیں۔
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن ملازمین نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر شدید احتجاج کیا، ایئرپورٹ آمد لاؤنج سے احتجاجی ریلی نکالی اور حکومتی پالیسی کیخلاف نعرے بازی بھی کی۔
سیکریٹری جنرل یونین آف سول ایوی ایشن سمیع اللہ نے ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کیخلاف قانونی جنگ لڑنے کا اعلان کیا۔ احتجاجی ملازمین کا کہنا تھا کہ 150 ارب روپے منافع کے حامل ادارے کو داؤ پر لگادیا گیا، یہ آؤٹ سورسنگ نہیں نجکاری ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے ایئرپورٹس کو آؤٹ سورس کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے پہلے مرحلے میں اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کا عمل جاری ہے۔












