وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت سے آزادی تک کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے، پاکستان کشمیریوں کے استصواب رائے کے حق کیلئے ثابت قدمی سے کھڑا ہے .
وزیراعظم عمران خان نے یوم شہدائے کشمیر پر کشمیریوں کی نسل در نسل جدوجہدآزادی کو سلام پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہدائے13 جولائی کے لواحقین، اس کے بعد کی نسلیں آزادی کیلئے قربان ہوئیں، کشمیریوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے نسل در نسل جانیں قربان کیں، یہ قربانیاں ہندتوا سوچ کےتحت کشمیریوں کی شناخت ختم کرنے کی بھارتی کوششوں کی ناکامی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 13 جولائی 1931 کے شہداء آج کی کشمیری مزاحمتی تحریک کے بانی ہیں، بھارتی غیرقانونی قبضے اوربربریت کیخلاف کشمیریوں کی جدوجہد کامیاب ہو گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دنیا بھر میں اور کنٹرول لائن کے دونوں اطراف مقیم کشمیری 13 جولائی 1931ء کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پیر کو یوم شہدا منارہے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیری عوام سے مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ ڈوگرہ مہاراجہ کی فوج نے 13 جولائی 1931ء کو عبدالقدیر کے خلاف عدالتی کارروائی کے دوران سرینگر میں سینٹرل جیل کے باہر 22 کشمیریوں کو شہید کیا تھا۔ عبدالقدیر نے کشمیری عوام کو ڈوگرہ حکومت کے خلاف متحد ہونے کا کہا تھا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ 13 جولائی 1931ء کو نماز ظہر کے وقت ایک نوجوان نے اذان شروع کی لیکن مہاراجا کے سپاہیوں نے اس کو گولی مار کر شہید کر دیا۔ تاہم اذان کی تکمیل تک بائیس نوجوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر دیا۔











