افغان طالبان نے گزشتہ برس اگست میں اغوا کیے گئے آسٹریلیا کے ٹیموتھی وِیکس اور اُن کے امریکی ساتھی کیوین کنگ کی ایک ویڈیو جاری کی ہے۔ گیارہ جنوری کو ریلیز کی گئی اس ویڈیو میں دونوں کی داڑھیاں بڑھی ہوئی ہیں اور اُنہوں نے اپنے اپنے اہلِ خانہ پر زور دیا ہے کہ وہ اُن کی رہائی کے لیے امریکی حکومت پر دباؤ ڈالیں۔
بیس جنوری کو حلف اٹھانے والے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے وِیکس نے کہا کہ طالبان اُن کی رہائی کے بدلے میں بگرام ایئر فیلڈ اور پُلِ چرخی جیل سے اپنے ساتھیوں کی رہائی چاہتے ہیں۔ یہ دونوں افغان دارالحکومت کابل کی امریکی یونیورسٹی میں کام پر تھے کہ طالبان عسکریت پسندوں نے اُنہیں مغوی بنایا تھا۔











