وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی سیاست منافقت پر مبنی، ان کی تقریر کے بعد بہت سے (ن) لیگی ہم سے رابطے کر رہے ہیں۔
تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر شبلی فراز نے مسلم لیگ (ن) کے قائد کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کے حالیہ بیان سے خود ان کی جماعت اضطراب کا شکار ہے۔ ان کے بیانیے پر (ن) لیگ کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ جو تحریک چلانا چاہتی ہے، وہ بے بنیاد ہے۔ نواز شریف کا مقصد ملک میں بے چینی اور اضطراب کی کیفیت پیدا کرنا ہے۔ جاتی عمرہ میں اس وقت تذبذب اور اضطراب کے سائے منڈلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی سیاست ہمیشہ منافقت پر مبنی ہے۔ وہ مفرور ہیں، سیاست پر بھاشن نہ دیں، انھیں کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ لوگ سیاست میں اثاثے بنانے آتے ہیں۔ سیاست اور مذہب کو ذاتی مفاد میں استعمال کرنے والوں کی جلد پکڑ ہوگی۔ انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ نواز شریف کی تقریر کے بعد (ن) لیگی ہم سے رابطے کر رہے ہیں۔ ان کے خاندان میں بھی چپقلش چل رہی ہے۔ شیخ رشید کی باتوں میں وزن ہے۔
کورونا کے بعد معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں۔ معاشی حالات میں بہتری اپوزیشن کے لیے بری خبریں ہے۔ اپوزیشن کی تحریک حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش ہے۔ اپوزیشن استعفے دے، ہم الیکشن کرائیں گے، ہمیں میجورٹی بھی مل جائے گی۔
طلال چودھری کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں تنظیم سازی زوروں پر، رات تین بجے کا سوال رانا ثناء اللہ سے پوچھا جائے۔











