جنوبی افریقہ نے ڈیوڈ ملر کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میں جیت کے لیے 165 رنز کا ہدف دے دیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

قومی ٹیم کے کپتان کا یہ فیصلہ ابتدا میں بہترین ثابت ہوا جہاں قومی بولرز بالخصوص ڈیبیو کرنے والے زاہد محمود نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کی کمر توڑ دی تھی۔

پاکستانی بولرز نے 48 کے مجموعے تک جنوبی افریقہ کے 6 جبکہ 65 پر ساتواں کھلاڑی بھی آؤٹ کردیا۔

ایسے میں دوسرے اینڈ پر موجود جارح مزاج بلے باز ڈیوڈ ملر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر ٹیم کا ٹوٹل 164 رنز تک پہنچا دیا۔

ملر نے 45 گیندوں پر 5 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 85 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، انھوں نے فہیم اشرف کے آخری اوور میں 25 رنز بٹورے۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے زاہد محمد نے 3 جبکہ عثمان قادر اور محمد نواز کے حصے میں 2، 2 وکٹیں آئیں۔

قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں جہاں خوش دل شاہ کی جگہ محمد آصف، حارث رؤف کی حسن علی اور افتخار احمد کی جگہ زاہد محمود کو شامل کیا گیا ہے جو اپنا پہلا بین الاقوامی میچ کھیل رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تین رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ 6 وکٹوں سے کامیاب رہا تھا۔

SHARE

LEAVE A REPLY