کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 6 سال بعد نائن زیرو آپریشن کیس کافیصلہ سنا دیا۔
سینٹرل جیل جوڈیشل کمپلیکس میں قائم انسداد دہشتگردی عدالت نے گزشتہ سماعت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنا دیا گیا۔
2015 میں رینجرز نے کارروائی میں 26 ملزمان گرفتار کیے تھے اور غیر قانونی اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد گی کا دعویٰ کیا تھا جبکہ ہر ملزم پر دو دو مقدمات دائر کیے گئے تھے۔
ایم کیو ایم کے کارکن فیصل عرف موٹا، عبید عرف کے ٹو، نادر شاہ، عامرعرف سرپھٹا اور دیگر کو دھماکا خیز مواد کے الزام سے بری کردیا گیا۔
پراسیکیوشن صرف 13 ملزمان کے خلاف کیس ثابت کر سکی۔ عدالت نے ملزم فیصل موٹا کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں 10 سال قید، ملزم فرحان شبیر عرف ملا، عبید کے ٹو اور عابد کو 8 ،8 سال قید کی سزا سنائی۔
دیگر 9 ملزمان امتیاز،کاظم رضا، عبد القادر ہنگورو، ندیم احمد، عامر توتلا، شکیل عرف بنارسی، محمود حسین مشتاق جاوید، عامر بونا کو 6، 6 سال قید کی سزا سنائی گئی جبکہ ملزمان پر 30، 30 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
محمد فیضان، ساجد، نعمان، آصف، حسیب الرحیم، محمد زبیر نعیم، رضوان، توصیف، فیضان، ممتاز اور وجیہ الرحمان کو بری کردیا گیا ہے۔
عدالتی حکم کے مطابق ملزمان کا جیل میں گزارا گیا وقت بھی سزا میں شمار کیا جائے گا، ملزمان کے وکلا کے مطابق 6 سال سزا پانے والے 9 ملزمان اپنی سزا پوری کرچکے ہیں، جرمانے کی رقم ادا کرنے کے بعدملزمان کو رہا کردیا جائے گا۔












