پاکستان کے نامور فنکار اور کامیڈین عمر شریف کی عبداللّٰہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں تدفین کردی گئی۔
عمر شریف کی نمازِ جنازہ مولانا بشیر فاروقی نے پڑھائی، نمازجنازہ میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، صوبائی وزیر سعید غنی، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب، مولانا تنویر الحق تھانوی، فیصل ایدھی، چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال، پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان، پی ایس پی رہنما انیس قائم خانی، ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار، آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ کے علاوہ سیاسی، سماجی تنظیموں کے رہنماؤں، شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور مداحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
عمر شریف کی میت کو نمازِ جنازہ کے لیے ان کی گلشنِ اقبال میں واقع رہائش گاہ سے عمر شریف پارک کلفٹن منتقل کیے جانے کے موقع پر عمر شریف کے مداح، عزیر و اقارب بڑی تعداد میں ان کی رہائش گاہ پر موجود تھے جو میت کے ہمراہ جنازہ گاہ آئے۔
نمازِ جنازہ کے بعد عمر شریف کی میت کو سپردِ خاک کرنے کے لیے صوفی بزرگ حضرت عبداللّٰہ شاہ غازی ؒ کے مزار لایا گیا، میت کی منتقلی کے موقع پر بلاول چورنگی سے ضیاء الدین اسپتال جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کیا گیا تھا۔
اُدھر اداکارہ شیبا بٹ، گلوکارہ شازیہ کوثر اور دیگر شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات کراچی میں واقع عمر شریف کی رہائش گاہ پہنچیں، جہاں انہوں نے مرحوم اداکار کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔
…………………….
عمر شریف کی نماز جنازہ عمر شریف پارک کراچی میں ادا کی گئی جسکے بعد انکی تدفین کا عمل ہو گا نماز جنازہ
عمر شریف کے جسدِ خاکی کو رہائش گاہ پر لانے کے موقع پر گلشن اقبال میں واقع ان کی رہائش گاہ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، علاقہ پولیس کی نفری اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔
دوسری جانب عمر شریف کی نماز جنازہ کلفٹن میں واقع عمر شریف پارک میں ادا کردی گئی جس میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔
پولیس کے مطابق جنازے کی سکیورٹی کے لیے دو ڈی ایس پیز کی سربراہی میں 200 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے، پارک کے مین گیٹ پر واک تھرو گیٹ نصب کیے گئے جب کہ پارک میں جنریٹر اوراسپیکر لگائے گئے ۔
اس کے علاوہ عمر شریف پارک میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے سرچنگ بھی کی گئی۔
عبداللّہ شاہ غازی مزارکے احاطے میں عمرشریف کی قبرتیارکرلی گئی ہے جہاں ان کی تدفین شیخ لیاقت کمپاؤنڈ میں کی جائے گی۔
عمر شریف کے جسدِ خاکی کو رہائش گاہ پر لانے کے موقع پر گلشن اقبال میں واقع ان کی رہائش گاہ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں، علاقہ پولیس کی نفری اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیاگیا ہے۔
نماز جنازہ کے انتظامات حتمی مراحل میں داخل
دوسری جانب عمر شریف پارک میں نماز جنازہ کے انتظامات حتمی مراحل میں داخل ہوگئے ہیں، جنازہ گاہ میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت کو دیکھتے ہوئے لاؤڈ اسپیکر پہنچادیےگئے ہیں۔
میت کی منتقلی سے قبل بلاول چورنگی سے ضیاءالدین جانے والی سڑک کوٹریفک کے لیے بند کردیاجائے گا۔
عبداللّہ شاہ غازی مزارکے احاطے میں عمرشریف کی قبرتیارکرلی گئی ہے جہاں ان کی تدفین شیخ لیاقت کمپاؤنڈ میں کی جائے گی۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
کامیڈی کنگ عمر شریف کی میت جرمنی سے کراچی پہنچا دی گئی، جسد خاکی قومی پرچم میں لپیٹ کر ایدھی سرد خانے منتقل کر دیا گیا۔ لیجنڈ اداکار کی نماز جنازہ سہ پہر تین بجے ادا کی جائے گی، تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں ہوگی۔
مداحوں کی جانب سے لیجنڈ اداکار عمر شریف کی میت پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ عمر شریف کی نمازہ جنازہ ادائیگی کے انتظامات مکمل ہیں، عمر شریف کے ورثا سے مسلسل رابطے میں ہیں، ہرممکن مدد کریں گے، عمر شریف دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والوں میں نمایاں رہے، پوری کوشش ہے ان کے اہل خانہ کو سہولیات دیں، عمر شریف کے نام سے کسی ادارے کو بھی منسوب کیا جائے گا۔
………..
معروف پاکستانی کامیڈین و اداکار عمر شریف کی میت جرمنی سے پاکستان روانہ کردی گئی ہے۔
جرمنی میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر فیصل کے مطابق ترکش ایئر کی پرواز میں اداکار عمر شریف کی بیوہ زرین غزل بھی میت کے ساتھ پاکستان آرہی ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ترکش ایئرویز کی شیڈول کی پرواز ٹی کے 1634 جرمنی کے مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجکر 16 منٹ پر میونخ ایئرپورٹ سے روانہ ہوگئی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق شیڈول فلائٹ مقامی وقت کے مطابق شام 6:50 بجے استنبول پہنچے گی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ترکش ایئر کی دوسری پرواز ٹی کے 708 استنبول سے آج رات 10:30 بجے کراچی کیلئے روانہ ہوگی، اداکار عمر شریف کی میت کل صبح 06:45 بجے کراچی پہنچے گی۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
کنگ آف کامیڈی اداکار عمر شریف کی میت بدھ کی صبح 5 بجکر 45 منٹ پر کراچی پہنچے گی۔
سفارتی ذرائع نے بتایا کہ عمر شریف کی میت پاکستان لانے کے لیے ترکش ایئر لائن کی پرواز پر بکنگ کروائی گئی ہے۔
میت جرمنی کے شہر میونخ سے فلائٹ نمبر ٹی کے 1634 پر روانہ کی جائے گی۔
پرواز پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجکر 5 منٹ پر میونخ سے استنبول کے لیے روانہ ہوگی۔
استنبول سے ترکش ایئر کی پرواز ٹی کے 708 کل رات 10:30 پر کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔
پرواز بدھ کی صبح 5 بجکر 45 منٹ پر کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔
ذرائع کے مطابق اداکار عمر شریف کی بیوہ زریں غزل بھی اسی پرواز سے وطن واپس آ رہی ہیں
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
اداکار عمر شریف کی جرمنی کے شہر نیورمبرگ میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق نماز جنازہ کیلئے نیورمبرگ سٹی کی ترکش مسجد میں مسلم کمیونٹی کا اجتماع منعقد کیا گیا۔
اداکار عمر شریف کی میت ترکش مسجد پہنچائی گئی جس پر عمر شریف کی تصویر بھی رکھی گئی تھی۔
فرینکفرٹ میں قونصل جنرل پاکستان زاہد حسین اور دیگر عملے نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ پاکستانی قونصل جنرل زاہد حسین تین گھنٹے کی مسافت طے کرکے نیورمبرگ پہنچے تھے۔
عمر شریف کے دنیا بھر سے مداحوں کی بڑی تعداد نماز جنازہ میں شریک ہوئی۔ کمیونیٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی اور دیگر ممالک کے شہری بھی نماز جنازہ کیلئے موجود تھے۔
کمیونٹی ذرائع کے مطابق کے مطابق نیورمبرگ ساؤتھ اسپتال سے میت وصول کرنے کے بعد پاکستانیوں نے غصل کفن کا انتظام کیا۔
پاکستانی شہری امجد علی نے عمر شریف کی میت کو غسل دیا اور کفن پہنایا گیا۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
لیجنڈ کامیڈین عمر شریف کی نماز جنازہ آج جرمنی کے شہر نیورمبرگ میں ادا کی جائے گی۔
عمر شریف کی میت کو ممکنہ طور پر کل بروز منگل پاکستان لایا جائے گا اور اداکار کی بیوہ زریں غزل میت کے ہمراہ کراچی پہنچیں گی۔
بلدیہ سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ ملنےکے بعد عمر شریف کی میت پاکستان منتقل کی جائیگی
مفتی تقی عثمانی نے عمر شریف کی نماز جنازہ پڑھانے کی درخواست قبول کر لی
یاد رہے کہ کامیڈی کے بے تاج بادشاہ و اداکار عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔
عمر شریف کو علاج کی غرض سے کراچی سے امریکا منتقل کیا جارہا تھا لیکن ان کی جرمنی میں ڈائیلیسز کے دوران طبیعت بگڑ گئی۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
کامیڈی کنگ عمر شریف کے انتقال پر سہیل احمد، جاوید شیخ، دلیر مہندی، ہمایوں سعید، علی ظفر اور دیگر فنکاروں نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔
پاکستان کے نامور کامیڈین سہیل احمد نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف بین الاقوامی سطح پر ہمارے جانے پہچانے فنکار تھے، وہ بہت پیارے انسان تھے، لاہور میں میرے محلے میں ہی رہتے تھے، عمر شریف کی علالت کے دوران لاہور میں ان کی رہائش گاہ جاتا تھا، عمر شریف ایک حساس انسان تھے، ان کے پورے خاندان میں ذیابطیس کا مرض بہت زیادہ ہے، عمر شریف نے پورے خاندان کے بچوں کو پالا، ان کا خیال رکھا۔
اداکار جاوید شیخ نے کہا کہ عمر شریف کے انتقال کی خبر بہت افسوسناک ہے، پچھلے ہفتے عمر شریف کی عیادت کیلئے اسپتال گیا تھا، شکیل صدیقی، اسماعیل تارا، رؤف لالا، عمر شریف میرے پرانے ساتھی ہیں، وہ کامیڈی کا باپ تھا، عمر شریف جیسا دوسرا کوئی اداکار نہیں ہوسکتا، بھارت بھی عمر شریف کی کامیڈی کو سراہتا ہے۔
بھارتی گلوکار دلیر مہندی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ آج بہت ہی دکھ کا دن ہے، ابھی پتہ چلا ہے کہ عمر شریف آج ہم میں نہیں رہے، عمران خان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے عمر شریف کی امریکا منتقلی کی کوششیں کیں۔
اداکار ہمایوں سعید نے کہا کہ عمر شریف ایک کمال کے اداکار تھے، ان کے انتقال پر بہت افسوس ہوا، عمر شریف عام زندگی میں بھی لوگوں کو بہت ہنساتے تھے، ان سے جب بھی ملاقات ہوئی وہ ہنسائے بغیر رہ نہیں سکتے تھے، بیرون ملک سے کوئی مہمان آتا تو عمر شریف سے ملنے کی خواہش کرتا۔
گلوکار و اداکار علی ظفر کا کہنا تھا کہ عمر شریف جیسے عظیم لوگ کم ہی پیدا ہوتے ہیں، ہمیں عمر شریف کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان کے معروف کامیڈین عمر شریف کی خواہش پوری کرتے ہوئے ان کی تدفین عبد اللہ شاہ غازی قبرستان میں کی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے معروف کامیڈین عمر شریف کے صاحبزادے جواد عمر نے کہا ہے کہ والد کی خواہش تھی تدفین عبداللہ شاہ غازیؒ مزار کے احاطے میں کی جائے۔ سب سے اپیل ہے مغفرت کے لیے دعا کریں، تدفین سے متعلق انتظامات ہو رہے ہیں جیسے ہی کوئی فیصلہ ہو گا نماز جنازہ کا اعلان کرینگے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ والد کی خواہش تھی تدفین عبداللہ شاہ غازیؒ مزار کے احاطے میں کی جائے، ہم نے سندھ حکومت سے درخواست کی ہے۔
دوسری طرف صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا ہے کہ معروف کامیڈین کی خواہش کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کی تدفین حضرت عبداللہ شاہ غازی قبرستان میں کی جائے گی جس کے کے انتظامات کر رہے ہیں۔
دوسری طرف عمر شریف کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ جرمنی سے اداکار عمر شریف کی میت پیر کو روانہ کی جائے گی۔ اتوار کی تعطیل کے باعث ضروری کارروائی پیر کو مکمل کی جائے گی ۔جبکہ امکان ہے کہ جرمنی سے میت منگل کو کراچی پہنچے گی۔
خیال رہے کہ عمر شریف کو علاج کی غرض سے 28 ستمبر کو پاکستان سے براستہ جرمنی امریکا منتقل کیا جا رہا تھا تاہم ان کے جرمنی میں عارضی قیام کے دوران ہی ان کی طبعیت مزید بگڑی اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔
برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق عمر شریف کا اصل نام محمد عمر تھا اور وہ سرکاری ٹی وی کے مطابق کراچی میں 1955 کو پیدا ہوئے تھے۔ ان کی عمر چار سال تھی کہ والد کا انتقال ہو گیا اور ان کے خاندان کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
وہ کراچی میں جس علاقے میں رہائش پذیر رہے وہاں قریب قوالوں کے بھی گھر تھے۔ بچپن اور لڑکپن میں ان کی دوستی ان قوالوں کے بچوں سے رہی اور جب ہوش سنبھالا تو اپنے محلے کے مختلف کرداروں سمیت مشہور فلمی اداکاروں کی بول چال اور انداز کی نقالی کرنے لگے۔ عمر شریف 14 سال کی عمر میں تھیٹر سے بطور اداکار وابستہ ہوئے۔ ان کے سٹیج اداکار بننے کا قصہ بھی بہت دلچسپ ہے۔
یہی وجہ تھی کہ عمر شریف کی بذلہ سنجی، جملے بازی اور لطیفہ گوئی پورے علاقے میں مشہور ہو گئی تھی۔ سکول کے بعد وہ جب گلی محلے میں نکلتے تو ارد گرد لڑکوں کا ہجوم ہوتا اور وہ انہیں ہنسانے میں مصروف ہو جاتے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق عمر شریف نے نجی ٹی وی چینلز پر بھی شوز کیے اور ایسے ہی ایک شو ’عمر شریف ورسز عمر شریف‘ میں وہ 400 سے زیادہ بہروپوں میں نظر آئے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔
عمر شریف پاکستان کے شاید واحد مزاحیہ فنکار ہیں جن کے پرستار دنیا میں موجود ہیں۔ امیتابھ بچن ہو، شاہ رخ خان یا بولی وڈ کے بڑے بڑے نام سب ان کے مداح تھے۔ ایک مرتبہ عمر شریف ممبئی گئے تو اداکارہ فرح اور تبو روزانہ گھر سے کھانے پکا کر اس ہوٹل لاتی رہیں جہاں عمر شریف قیام پذیر تھے۔
فرح نے بتایا تھا کہ جب وہ ڈپریشن کا شکار ہوئیں تو ان کے سسر نے عمر شریف کے مزاحیہ ڈرامے دیتے ہوئے کہا تھا کہ انھیں دیکھو۔ فرح کے مطابق عمر شریف کے ڈرامے دیکھ کر وہ اتنا ہنستی تھیں کہ ان کا ڈپریشن دور ہو گیا۔
……………………..
چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے پاکستان کے معروف اداکار اور کامیڈین عمر شریف جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔
عمر شریف کے خاندانی ذرائع نے اداکار کی جرمنی کے اسپتال میں انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے عمر شریف کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اداکار کی رحلت پر دل انتہائی رنجیدہ ہے، اللّٰہ تعالیٰ عمر شریف کو غریقِ رحمت کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
شہباز گل کا کہنا تھا عمر شریف کو اپنے کام کے باعث کامیڈی کی دنیا میں منفرد مقام حاصل رہا اور انہوں نے اپنی شاندار کام سے نسل در نسل ناظرین کے دِل جیتے، عمر شریف عوام کےدلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
عمر شریف کی زندگی پر ایک نظر
کامیڈی کے سپر اسٹار عمر شریف 19 اپریل 1955 کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں پیدا ہوئے، پاکستان کے اس فنکار نے 14 سال کی عمر سے اسٹیج اداکاری شروع کی اور وہ دیکھتے ہی دیکھتے کامیڈی کی دنیا کے کنگ بن گئے۔
انہوں نے کامیڈی کا جومنفرد ٹرینڈ متعارف کرایا اُس میں عوامی لہجہ، انداز اور روزمرہ کے واقعات کا مزاحیہ تجزیہ شامل رہا۔
اسٹیج ڈرامے عمر شریف کی مقبولیت کی وجہ
عمر شریف تھیٹر اور اسٹیج ڈرامے کے بے تاج بادشاہ تھے، انہوں نے ٹی وی اور فلموں میں بھی اپنے فن کامظاہرہ کیا لیکن ان کی مقبولیت کی بڑی وجہ مزاحیہ اسٹیج ڈرامے ہیں۔
عمر شریف صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ ہندوستان اور جہاں جہاں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے وہاں ان کے مداح موجود ہیں۔
عمر شریف نے میزبانی شروع کی تو وہاں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے، جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر ہونے والا دا شریف شو، تاریخ کا مقبول پروگرام ثابت ہوا۔
بکرا قسطوں پے اور بڈھا گھر پے ہے جیسے لازوال اسٹیج ڈراموں کو ان کے مداح آج بھی دیکھتے اور لطف اٹھاتے ہیں۔
عمر شریف کی خدمات کے عوض انہیں نگار ایوارڈ اور تمغہ امتیاز سمیت کئی اعزازات سے نوازا گیا۔
سوشل میڈیا نے اسٹیج ڈراموں کی مقبولیت تو کم کی ہے لیکن عمر شریف کامیڈی کا وہ سورج ہے جو کبھی غروب نہ ہوا۔
عمر شریف کی علاج کیلئے امریکا منتقلی کا پس منظر
یاد رہے کہ عمر شریف کو پاکستان سے علاج کی غرض سے 28 ستمبر کو ائیر ایمبولینس کے ذریعے امریکا روانہ کیا گیا تھا تاہم طویل سفر اور تھکاوٹ کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں انہیں نمونیہ ہونے اور ائیر ایمبولینس میں فنی خرابی کے باعث اداکار کا جرمنی میں وقفہ طویل ہو گیا۔
امریکا میں موجود اداکار عمر شریف کے معالج ڈاکٹر طارق شہاب نے بتایا تھا کہ جرمنی میں اداکار کے ڈائیلیسز کے بعد ڈاکٹرز کی ہدایات کی روشنی میں انہیں امریکا منتقل کیا جائے گا۔
،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،
پاکستانی اداکار، کامیڈین عمر شریف کو جرمنی کے اسپتال میں نمونیہ ہو گیا ہے اور ان کی آج ممکنہ طور پر امریکا روانگی مؤخر کیئے جانے کا خدشہ ہے، انہیں علاج کیلئے جرمن شہر نیورمبرگ کے اسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔
امریکا میں ان کے معالج ڈاکٹر طارق شہاب نے ’جیو نیوز‘ کو بتایا کہ اسپتال میں عمر شریف کا علاج کرنے والی میڈیکل ٹیم نے عمر شریف کو مزید 2 دن تک زیرِ علاج رکھنے کا اشارہ دے دیا ہے۔
ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق عمر شریف کی طبیعت پہلے سے کافی بہتر ہے، ان کا بخار ختم ہو گیا ہے اور بلڈ پریشر بھی کنٹرول میں ہے، ان کے ٹیسٹ بھی کیئے گئے ہیں۔
اسپتال کے ڈاکٹرز نے تفصیلی رپورٹس میں عمر شریف کو نمونیہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے جس کے بعد انہیں اینٹی بایوٹک دوا شروع کرا دی گئی ہے۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
معروف اداکار عمر شریف کی جرمنی سے امریکا روانگی میں مزید تاخیر ہوگئی ہے اور پاکستان سے امریکا لے جانے والی ائیر ایمبولینس میں فنی خرابی سامنے آئی ہے۔
ائیرایمبولینس کے طورپر زیر استعمال طیارہ نائٹ لینڈنگ اور ٹیک آف نہیں کر سکتا لہٰذا آگے کے سفر کیلئے جرمنی کے شہر نیورمبرگ میں ائیر یمبولینس طیارہ تبدیل کیا جا رہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
طویل ہوائی سفر میں تھکاوٹ اور بخار کے سبب عمر شریف کو جرمنی کے ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا جہاں چیک اپ اور ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔ آج عمر شریف کو اگلی منزل کے لئے روانہ کر دیا جائے گا۔
تمام انتظامات ایمبولینس کمپنی کر رہی ہے، ڈاکٹرز بھی رابطے میں ہیں۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سوا 7 گھنٹے کے مسلسل سفر میں عمر شریف کو ہلکا بخار اور تھکاوٹ ہو گئی۔ صحت برقرار رکھنے کے لئے عمر شریف کو نیورمبرگ کے ہسپتال میں داخل رکھا گیا ہے۔ڈاکٹرز کے مطابق عمر شریف کے طبی معائنے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ بھی لیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل جرمنی کا ویزا نہ ہونے پر کئی گھنٹے تک ہسپتال نہ جا سکیں۔۔ زریں غزل کا کہنا ہے کہ ہنگامی ویزے کیلئے نیورمبرگ کے متعلقہ پولیس اسٹیشن رابطہ کرنا پڑا جہاں ضابطے کی طویل کارروائی کے بعد ویزہ ملا تو ہسپتال پہنچی۔ انہوں نے بتایا کہ عمر شریف کی صحت ٹھیک ہے، آج عمر شریف کو اگلی منزل کے لئے روانہ کر دیا جائے گا۔
…………………………..
اداکار عمر شریف کو علاج کے لیے ائیر ایمبولینس کے ذریعے امریکا روانہ کر دیا گیا۔
ان اہلیہ زریں غزل بھی ائیر ایمبولینس میں ان کے ہمراہ گئی ہیں جبکہ دیگر تین اہلخانہ کے افراد کمرشل پرواز سے امریکا روانہ ہوں گے۔
اداکار عمر شریف عارضہ قلب اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
ان کے علاج کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے چار کروڑ روپے کی خطیر رقم جاری کی گئی ہے۔ انہیں آج صبح ایمبولینس میں کراچی کے نجی اسپتال سے کراچی ائیرپورٹ کے جناح ٹرمینل پہنچایا گیا۔
عمر شریف کو علاج کے لیے امریکی دارالحکومت واشنگٹن پہنچایا جا رہا ہے جہاں معروف پاکستانی اداکارہ ریما خان کے شوہر اور ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب نے ان کے علاج کے لیے جارج واشنگٹن یونیورسٹی اسپتال میں انتظامات کر رکھے ہیں۔
………………………….
اداکار عمرشریف کو طبیعت میں بہتری کے بعد ایئر ایمبولنس کے ذریعے آج مزید علاج کیلئے امریکا روانہ کیا جائے گا۔
قبل ازیں اداکار کی طبیعت بگڑنے کے باعث بیرون ملک روانگی موخر کر دی گئی تھی، ڈاکٹرز کے مطابق ہسپتال میں ڈائیلاسز کے دوران عمر شریف کا بلڈ پریشر کم ہونے کے باعث طبیعت بگڑی جس کے بعد انکو فوری طور پر سی سی یو وارڈ منتقل کردیا تھا جہاں ڈاکٹرز کی سرتوڑ کوششوں کے بعد ان کی حالت سفر کے قابل ہو گئی ہے۔
ائیرایمبولینس کراچی ائیرپورٹ پر روانگی کیلئے تیار ہے جو اداکار کو جرمنی کے راستے امریکہ پہنچائے گی۔ واضح رہےکہ اداکار عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں، ان کے امریکہ علاج کے لئے سندھ حکومت تعاون کر رہی ہے، ائیرایمبولینس کے ذریعے انہیں واشنگٹن منتقل کیا جائے گا جہاں جارج واشنگٹن یونیورسٹی ہسپتال میں علاج کیلئے انتظامات کر دیئے گئے ہیں۔
،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،
کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج پاکستان کے لیجنڈری کامیڈین عمر شریف کی حالت پھر بگڑنے پر انہیں سی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز نے ان کی صحت کی بہتری کے حوالے سے آئندہ 48 گھنٹے اہم قرار دیے ہیں۔ اس کی بنا پر ان کی امریکا روانگی مؤخر کردی گئی ہے۔
امریکا میں مقیم امراض قلب کے ماہر ڈاکٹر اور پاکستانی اداکارہ ریما خان کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب نے واشنگٹن میں عمر شریف کے علاج معالجے کے تمام انتظامات کیے ہیں، ڈاکٹر طارق شہاب پاکستانی ڈاکٹروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
ڈاکٹر طارق شہاب نے نمائندے کو بتایا کہ اتوار کو اداکار عمر شریف کے ڈائیلیسز کے دوران بلڈ پریشر کم ہوگیا تھا۔ ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق عمر شریف کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے انہیں سی سی یو وارڈ منتقل کردیا۔
…………………….
پاکستان کے نامور کامیڈین عمر شریف کے ساتھ ایئر ایمبولینس میں خاندان کے 2 افراد امریکاروانہ ہوں گے۔
عمر شریف کے صاحبزادے جواد شریف نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ والد کی امریکا منتقلی کے لیے ایئر ایمبولینس جلد کراچی پہنچے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے ایئر ایمبولینس کے اخراجات کی ادائیگی آج ہونے کی امید ہے۔
جواد شریف نے یہ بھی کہا کہ ایئر ایمبولینس میں طبی عملے کے علاوہ خاندان کے 2 افراد روانہ ہوں گے۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ لیجنڈ اداکار عمر شریف اور ان کے اہل خانہ کو امریکا کے ویزے جاری ہو گئے ہیں۔
شہباز گل نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ عمر شریف اور ان کے اہلخانہ کو امریکا کے ویزے ایشو
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عمر شریف اپنے علاج کے لیے اہلخانہ کے ہمراہ جلد امریکا کے لیے روانہ ہوں گے۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ عمر شریف اور ان کے اہلخانہ نے تعاون پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور وزیراعظم بھی دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ اداکار عمر شریف صاحب کو جلد صحتیاب کرے۔
دوسری جانب ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ عمر شریف کو لے جانے کے لیے ائیر ایمبولنس بھی کل تک کراچی پہنچ جائے گی، کچھ دیر میں عمر شریف اور ان کے اہلخانہ کو پاسپورٹ مل جائیں گے۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
سندھ حکومت نے معروف اداکار عمر شریف کے علاج کے لیے ائیر ایمبولینس کا بندوبست کرنے کے ساتھ 4 کروڑ روپے کی رقم بھی جاری کردی۔
محکمہ خزانہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق عمرشریف کا امریکا میں علاج کرانےکے لیے 4 کروڑ روپے جاری کردیےگئے ہیں، اس کے علاوہ ائیر ایمبولینس کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔
جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے عمرشریف کے بیٹے جواد عمر نے بتایا کہ ترجمان سندھ حکومت مرتضٰی وہاب نے والدکے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا تھا، امید ہے کہ والد جلد علاج کے لیے امریکا روانہ ہوجائیں گے۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
پاکستان کےمعروف کامیڈین اور اداکار عمر شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کے حوالے سے آج ویزا ملنے کا امکان ہے۔
جیو نیوز کے مطابق، سندھ حکومت نے علیل اداکار عمر شریف کو امریکا لے جانے کے لیے ائیر ایمبولنس کا بندوبست کردیا ہے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے عمر شریف کی اہلیہ زریں عمر شر یف کا کہنا تھا کہ عمر شریف کی رواں ہفتے امریکی دارالحکومت واشنگٹن روانگی کا امکان ہے۔
زریں غزل کے مطابق، ائیر ایمبولنس کے اخراجات سندھ حکومت نے اٹھانے کا وعدہ کیا ہے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے ویزوں کے حصول میں مدد فراہم کی گئی ہے۔
زریں غزل نے جیو نیوز کو بتایا کہ علیل اداکار عمر شریف کو آج ویزے ملنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب امریکا میں عمرشریف کے ڈاکٹر طارق شہاب کا کہنا ہے کہ عمر شریف کے علاج میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔
دوران گفتگو عمر شریف کی اہلیہ کی جانب سے عوام سے دعا کی بھی اپیل کی گئی ہے جبکہ عمر شریف کے بیٹے جواد عمر نے والد کے لیے دعا گو تمام افراد کا شکریہ بھی اداکیا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر زریں غزل کی جانب سے چند گھنٹوں قبل ایک پوسٹ شیئر کی گئی ہے جس میں اہلیہ عمر شریف نے مداحوں سمیت حکومتی وزراء کا شکریہ اداکرتے ہوئے لکھا کہ اچھی خبر یہ ہے کہ عمر شریف کی طبیعت بہتر ہے اور وہ ائیر ایمبولنس میں سفر کرنے کے قابل ہیں۔
…………………………
وفاقی حکومت نے معروف اداکار عمر شریف کے علاج سے متعلق میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا ہے جو کہ اداکار کو بیرون ملک بھجوانے کے حوالے سے فیصلہ کرے گا۔
کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے نجی اسپتال میں عمر شریف کی عیادت کی۔
بعد ازاں میڈیا سےگفتگو میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ عمر شریف سے ملاقات کی ہے، آج ان کا ڈائلیسز بھی ہوا ہے، عمر شریف نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی تھی، وزیراعظم نے وفاقی وزیر صحت کو ہدایت کی ہےکہ عمر شریف کے کیس کی جانچ کریں اور دیکھیں کہ عمر شریف کی کیسے مدد کی جاسکتی ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر فیصل اور ڈاکٹر یاور پر مشتمل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے، ڈاکٹرز کے بورڈ کے فیصلے کی روشنی میں کیےگئے فیصلے پر عمل درآمد کیا جائےگا،ائیر ایمبولینس چاہیے یابزنس کلاس چاہیے، جو بورڈ کا فیصلہ ہوگا، اسے پرعمل ہوگا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر آج عمر شریف کی عیادت کے لیے پہنچے ہیں، وزارت صحت مشاورت کے بعد لائحہ عمل بنائےگی اور حکومت اس کو مکمل سپورٹ کرے گی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کے بورڈ فیصلہ کریں گے، پاکستان میں دل کا علاج ممکن ہے لیکن فیصلہ ڈاکٹرز کو کرنا ہے، علاج کا فیصلہ ڈاکٹر ز کو کرنے دیں ۔











