انگلینڈ کے اسٹار بیٹر جو روٹ نے ایک اور شاندار سنگِ میل عبور کرتے ہوئے سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا۔
سری لنکا کے خلاف ڈرہم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں جو روٹ نے 23 ہزار انٹرنیشنل رنز مکمل کر لیے، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے انگلش اور دنیا کے آٹھویں بیٹر بن گئے ہیں۔
انگلش بیٹر نے 23 ہزار رنز کا سنگِ میل اپنی 521ویں انٹرنیشنل اننگز میں عبور کیا جس کے بعد اب وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے کرکٹرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔
اس سے قبل سچن ٹنڈولکر نے یہ کارنامہ اپنی 522 ویں اننگز میں انجام دیا تھا، جبکہ ویرات کوہلی نے 490 اننگز کھیل کر 23 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔
23 ہزار انٹرنیشنل رنز بنانے والے دیگر بیٹرز میں راہول ڈریوڈ، سری لنکا کے کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے، آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ اور جنوبی افریقا کے جیک کیلس شامل ہیں۔
واضح رہے کہ جو روٹ اس سے قبل بھی کئی ریکارڈز میں سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ بھی توڑا تھا۔
,,,,,,,,,,,,,
انگلش کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بیٹر اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے بھارت کے سابق لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر کا اہم ٹیسٹ ریکارڈ برابر کر دیا۔
انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے جمعرات کو ٹیسٹ کرکٹ میں ریکارڈز بنانے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بھارت کے سابق عظیم بیٹر سچن ٹنڈولکر کا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریوں کا ورلڈ ریکارڈ برابر کرلیا۔
روٹ نے یہ کارنامہ پاکستان کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سرانجام دیا۔انہوں نے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔
یہ روٹ کی 68ویں ٹیسٹ نصف سنچری تھی، جس کے ساتھ انہوں نے ٹنڈولکر کا ریکارڈ برابر کرلیا۔
سچن ٹنڈولکر نے بھارت کی جانب سے 200 ٹیسٹ میچز کھیلے اور اپنے شاندار کیریئر کا اختتام 68 نصف سنچریوں اور 51 سنچریوں کے ساتھ کیا۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 15,921 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔
واضح رہے کہ جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں اور وہ 14 ہزار سے زائد رنز بنا چکے ہیں۔












