عالمی اخبار کے سینئر ترین ادارتی رکن شمس جیلانی کو وینکور میں جمعرات کی سہ پہر سپرد خاک کر دیا گیا
مرحوم شمس جیلانی کی نماز جنازہ جمعرات کی دوپہر رچمنڈ کی جامع مسجد میں ادا کر دی گئی جس میں اہل خانہ کے علاوہ دوستوں ساتھیوں اور احباب نے شرکت کی اور انکے ایصال ثواب کے فاتحہ اور دعا ہوئی
نماز جنازہ کے بعد
وِکٹری میموریل پارک قبرستان (14831 28ویں ایونیو، ساؤتھ سرے) میں انکی تدفین ہوئی جس میں بڑی تعداد میں سوگواروں نے شرکت کی اور انکی بلندی درجات کے لیئے دعا کی گئی
عالمی اخبار کے ادارتی بورڈ نے اپنے ہنگامی اجلاس میں جناب شمس جیلانی کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا اور فاتحہ کے بعد انکی مغفرت کی دعا کی گئی، شرکا نے عالمی اخبار کے لیئے انکی بے لوث خدمات کو سراہا اور انکی مستقل ہمت اور قلم دوستی کی تعریف کی
شرکا نے اس امر کا اظہار بھی کیا کہ انکے دینی خدمات کے مشن کو جاری رکھا جائے اور انکی اخبار میں شائع شدہ تحاریر کو مناسب مواقع پر شائع کیا جاتا رہے گا
عالمی اخبار کے ادارتی بورڈ نے مرحوم شمس جیلانی کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے اور دعا ہے خالق موت و حیات انکو صبر جمیل عطا کرے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعون
بہت دکھ اور افسوس کے ساتھ، جیلانی خاندان ڈاکٹر شمس جیلانی کے انتقال کی خبر دیتا ہے۔
اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اور لواحقین کو صبر اور حوصلہ دے۔ آمین۔ براہ کرم سورہ فاتحہ پڑھیں اور ڈاکٹر شمس جیلانی کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
ان شاء اللہ نماز جنازہ جمعرات، 3 اپریل 2025 کو رچمنڈ جامع مسجد (12300 بلنڈیل روڈ، رچمنڈ) میں دوپہر 1:30 بجے ادا کی جائے گی۔
ان شاء اللہ تدفین وِکٹری میموریل پارک قبرستان (14831 28ویں ایونیو، ساؤتھ سرے) میں 2:45 بجے ہوگی۔
والسلام
جیلانی خاندان
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کینڈا کے شہر وینکور میں مقیم ادیب،شاعر،محقق،مترجم،دینی موضوعات کے مصنف، عالمی اخبار کے سینئر ترین ادارتی رکن، متعدد کتابوں کے مصنف اور معالج شمس جیلانی 31 مارچ کی شام 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

شمس جیلانی عالمی اخبار کے ۔”معاون مدیر ، بیورو چیف،کینیڈااور مدیر دینی امور”۔تھے اور سترہ برس سے اخبار سے اپنی وابستگی کے دوران ہزاروں کالم اور سلسلے وار تحاریر قارئین کے لیئے پیش کر چکے ہیں
اردو زبان کو بیرونی ممالک میں زندہ رکھنے کے لیئےادیبوں،شاعروں اور محققین نے علم و ادب اور تحقیق و جستجو کی جو شمع روشن کر رکھی ہے اس کے ذریعے وہ دراصل ایک ایسا جہاد کر رہے ہیں جو جہاد بالقلم ہونے کے ناطے جہاد بالسیف سے بہت افضل ہے اور شمس جیلانی اس فہرست میں صف اول کے لکھاریوں میں شامل ہیں اور لکھنے والوں کی اس نسل سے تعلق رکھتے ہیں جو اپنی عمر کی دھونس جمانے کی بجائے اپنے مطالعے اور اپنی تحریر سے دل میں گھر کرتے ہیں۔
اسلامی موضوعات پر انکی تحریریں ایک منفرد مقام رکھتی ہیں اور اسی طرح انکی شاعری میں بھی مسلم امہ کے لیے ایک تڑپ موجود ہےعالمی اخبار میں انکی شرکت اور قلمی تعاون ہم سب کے لیئے باعث عزت اور باعث رہنمائی رہا ہے۔
شمس جیلانی صاحب کی شائع شدہ کتب میں ‘‘ سورہ فاتحہ اور اس کے تقاضے،اسلام اور حقوق العباد،قصے مخلصین کے،حضرت امداد اللہ مہاجر مکی اور ہفت مسائل،صدا بہ صحرا،گمان معتبر،اتم ہے انسان، بنیادیات ذیابیطس اور تازہ کتاب سیرت النبی صلی اللہ و علیہ وآلہ وسلم،روشنی حرا سے شامل ہیں۔
عالمی اخبار کا ادارتی بورڈ کے ارکان مرحوم شمس جیلانی کی بیٹی اور بیٹوں کے علاوہ دیگر تمام اہل خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور انکی مغفرت کے لیئے دعا گو ہیں، عالمی اخبار کے لیئے انکی موت ایک بہت بڑا نقصان ہے، دعا ہے کہ اللہ کریم انکی مغفرت کرے اور اپنی جوار رحمت میں جگہ دے
صفدر ھمدانی، مدیر اعلی عالمی اخبار اور ادارتی بورڈ کے اراکین
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
شمس جیلانی کے نوے برس کی سالگرہ پر اخبار میں شائع شدہ ایک تحریر
Published on: 12 Dec 2021
عالمی اخبار کے قافلے کے ہمارے پہلے روز کے ساتھی عالم باعمل عالی مرتبت شمس جیلانی کو حیات جاوداں کے نوے برس مکمل کرنے پر عالمی اخبار کی طرف سے سالگرہ کی مبارک اور صحت و سلامتی کی دعا
شمس جیلانی پاکستانیوں اور پاکستان کے لیئے باعث عزت وافتخار ہے کہ خود انکے درمیان ایک ایسا شخص موجود ہے جو پاکستان کی پہچان ہے اور جس کے بارے میں دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کی ایک بڑی اکثریت نیک خیالات وجذبات رکھتی ہے جو اُس مروجہ صورت حال سے مختلف ہے کہ اکثر و بیشتر اہل وطن اپنے ہی کسی پاکستانی کی تعریف کی بجائے اسکی ٹانگ کھینچنے کو ترجیح دیتے ہیں
شمس بھائی پاکستان کی شناخت ہیں اور وینکور کے پاکستانیوں کو خاص طور پریہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ اپنے ہم وطن کی تعریف میں کسی بخل سے کام نہیں لیتے اور ایک بند مُٹھی کی طرح مل کر کام کرتے ہیں اور اسکی ایک وجہ شمس جیلانی جیسے صاحب کردار فرد کی رہنمائی ہے
سب سے بڑی بات یہ ہے شمس جیلانی عالم با عمل ہیں
پرودگار آپکو صحت و سلامتی عطا فرمائے اور ہم آپ سے روشنی پاتے رہیں
نوے برس کی عمر کرم ہے خدا کا یہ
صفدر کمال صدقہ ہے صلے الہ کا یہ
ادارتی بورڈ عالمی اخبار












