انڈونیشیا کے جزیرے بالی پر آگُونگ نامی آتش فشاں کے پھٹنے کے خوف سے اس کے ارد گرد کا علاقہ چھوڑنے والے شہریوں کی تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔
ہنگامی حالات سے نمٹنے کے ذمے دار ملکی ادارے نے بتایا کہ بالی سے اب تک ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق گزشتہ جمعے کے بعد سے اس آتش فشاں میں لاوا مسلسل ابل رہا ہے اور یہ پہاڑ کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔
اسی دوران اس آتش فشاں کے ارد گرد بارہ کلومیٹر کے علاقے میں تمام گاؤں خالی کرا لیے گئے ہیں۔ آگُونگ نامی آتش فشاں آخری مرتبہ 1963ء میں پھٹا تھا، جس کے بعد لاوے کی زد میں آ کر گیارہ سو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔












