آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ افغانستان کے ایک روزہ دورے پرکابل پہنچ گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کریں گے۔ آرمی چیف دورہ کابل میں افغانستان کے عسکری حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی افغان پالیسی کے اعلان کے بعد پاکستان کی جانب سے کسی اعلیٰ شخصیت کا یہ پہلا دورہ افغانستان ہے۔

,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اتوار کو افغانستان جا رہے ہیں جہاں وہ اعلیٰ قیادت کے ساتھ سلامتی کے دوطرفہ امور اور سرحد کی نگرانی کو موثر بنانے جیسے معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دونوں ملکوں کے تعلقات ایک عرصے سے تناؤ کا شکار چلے آ رہے ہیں جس کی وجوہات میں اسلام آباد اور کابل کے مابین پایا جانے والا عدم اعتماد اور ایک دوسرے سے متعلق شکوک و شہبات شامل ہیں اور اس کشیدگی کو دونوں جانب کے عہدیداروں کی طرف سے آئے روز سامنے آنے والے الزامات نے مزید بڑھاوا دیا۔

گو کہ سرکاری طور پر تو جنرل باجوہ کے دورے سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا لیکن جمعہ کو دیر گئے ایک اعلیٰ عہدیدار نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس کی تصدیق کی تھی۔

پاکستان اپنے اس پڑوسی ملک میں امن و استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون اور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہتا آیا ہے کہ افغانستان میں امن خود اس کے اپنے مفاد میں ہے۔

توقع ہے کہ جنرل باجوہ اسی موقف کا اعادہ کرنے کے ساتھ ساتھ افغان فوجیوں اور پولیس کی پاکستان میں تربیت کی پیشکش کو دہرائیں گے اور باہمی حکمت عملی اور مذاکرات کے ذریعے اختلافات دور کرنے کی ضرورت پر زور دیں گے۔

افغانستان اور امریکہ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ طالبان عسکریت پسند پاکستان کی سرزمین افغانستان میں حملوں کے لیے استعمال کرتے ہیں لیکن پاکستان ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے یہ دعویٰ کرتا ہے کہ افغان سرزمین اس کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY