نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 61 رنز سے جیت لیا۔

ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ میں 31 ویں اوور کے دوران بارش کی وجہ سے پاکستان کی اننگ کا کھیل جب روکا گیا تو پاکستان کا اسکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز تھا۔ اوپنر فخر زمان 82 اور فہیم اشرف 17 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔

اس سے قبل پاکستان کو ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے 316رنز کا ہدف دیا گیا جس کے تعاقب میں پاکستان اننگ کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہا۔

پاکستان کی بیٹنگ شروع ہوئی تو صرف 6 رنز پر ٹم ساؤتھی نے اظہر علی کو آؤٹ کردیا جس کے بعد 7 رنز پر ٹم ساؤتھی نے بابر اعظم کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی۔

ٹرینٹ بولٹ نے نئے آنے والے بیٹسمین محمد حفیظ کو بھی جلد آوٹ کر دیا۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 37 رنز پر اس وقت گری جب شعیب ملک 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر فخر زمان نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور ان کا ساتھ دینے کے لیے کپتان سرفراز احمد آئے تاہم وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور 8 رن بنا کر واپس لوٹ گئے۔ اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 57 رنز تھا اور آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

رنز 132 کے مجموعی اسکور پر شاداب خان کیوی بالرز کے سامنے تھوڑی بہت مزاحمت کرکےپویلین لوٹ گئے، انہوں نے 28 رنز بنائے۔

دوسری جانب اوپنر فخر زمان کیوی بالرز کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں اور 82 ناٹ آوٹ کے انفرادی اسکور تک انہوں نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کی اننگ میں کپتان ویلیم سن نے سنچری اسکور کی جبکہ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 3شکار کیے۔

میچ میں ٹاس پاکستان نے جیتا اور میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی، تو کیوی اوپنر ز نے ٹیم کو 83رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا ،جہاں کولن منرو نے برق رفتار 58رنز بنائے ،تو ادھر مارٹن کپٹل نے بھی 48رنز اسکور کیے۔

کیوی اننگز کی خاص بات کپتان ویلم سن کے 115رنز کی اننگ تھی ، جنہوں نے گرین شرٹس کے خلاف اچھے ہدف کی بنیاد رکھی جبکہ ہینری نکلز نے 50اسکور کر کے ان کا بھرپور ساتھ نبھایا۔

ادھر پاکستان کے بولرز کی جانب سے حسن علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عامر، رومان رئیس، فہیم اشرف اور فخر زمان کےحصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

سرفراز احمد کی کپتانی میں فہیم اشرف، شاداب خان، حسن علی، محمدعامر ،اظہرعلی، فخرزمان، بابراعظم، محمدحفیظ، شعیب ملک اور رومان رئیس گرین شرٹس کی جانب سے5 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کھیل رہے ہیں۔

کیوی الیون کےکھلاڑیوں میں کپتان کین ویلیم سن، ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن ،ٹرینٹ بولٹ، ٹام لیتھم، ہنری نکولس، ٹاڈایسٹل، مچل سینٹنر، مارٹن گپٹل، کولن منرو اور راس ٹیلر شامل ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY