غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس نے تین یرغمالوں جب کہ اسرائیل نے 369 فلسطینی قیدیوں کو آزاد کردیا ہے۔
ہفتے کو غزہ کی پٹی کے علاقے خان یونس میں یرغمالوں کی رہائی کے لیے ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں حماس اور فلسطینی عسکری تنظیم اسلامک جہاد کی جانب سے تین یرغمالوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا گیا۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ تینوں یرغمال اس کے پاس پہنچ گئے ہیں۔
رہائی پانے والوں میں 46 سالہ ایئر ہورن، 36 سالہ سگی دیکل ہین، 29 سالہ الیگزینڈر تروفانو شامل ہیں۔ یہ تینوں دوہری شہریت کے حامل ہیں۔
یائر ہورن ارجنٹائنی اسرائیلی، سگی دیکل امریکی اسرائیل جب کہ الیگزینڈر روسی اسرائیلی ہیں۔
ان تینوں کو سات اکتوبر 2023 کے حماس کے اسرائیل پر دہشت گرد حملے کے دوران یرغمال بنایا گیا تھا۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے تحت 19 جنوری کے بعد سے یہ چھٹا تبادلہ ہے۔ اس سے قبل ہونے والے تبادلوں میں 21 یرغمال جب کہ 700 سے زیادہ فلسطینی قیدیوں کو چھوڑا جا چکا ہے۔













